کانگریس نے پی ایم مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عوامی رجحان میں ممکنہ شکست دیکھ کر وہ مایوسی اور بوکھلاہٹ میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ وہ خوفزدہ ہوکر خوف پھیلانے لگے ہیں۔ کانگریس نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم ایک گھوٹالہ ہے اور بی جے پی نے 2018 اور 2023 کے درمیان بانڈ کے ذریعے صنعتی گھرانوں سے 8,200 کروڑ روپے حاصل کیے اور انہیں پروجیکٹ دئیے۔
Published: undefined
کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کرناٹک میں پی ایم مودی کی ریلی سے قبل مودی سے کچھ سوالات پوچھے ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انہوں نے لکھا کہ دوسرے مرحلے میں شکست کے بعد مایوس وزیر اعظم آج کرناٹک میں کئی ریلیاں کر رہے ہیں۔ کچھ سوالات ہیں جن کا جواب جھوٹ بولنے اور خوف پھیلانے کے بجائے دینا چاہیے۔ اپنے پوسٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں وزیر اعظم نے 8,200 کروڑ روپے کا چندہ لیا اور بدلے میں صنعتی گھرانوں کو 4 لاکھ کروڑ روپے کا کاروبار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 2017 میں کہا تھا کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم ایک انقلاب ہے اور سیاسی چندوں میں شفافیت لائے گی لیکن اب سپریم کورٹ نے اسے غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔
Published: undefined
جے رام رمیش نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیر اعظم کے لیے بڑا جھٹکا ہے اور آخری دم تک وہ ایس بی آئی پر تفصیلات ظاہر نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے لیکن سپریم کورٹ نے اپنا قدم واپس نہیں لیا اور ایس بی آئی کو مکمل تفصیلات دینی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ایم مودی کے دور میں سب سے بڑی بدعنوانی اور سب سے بڑا گھوٹالہ ہے۔ نوٹ بندی بھی ایک گھوٹالہ تھا اور انتخابی بانڈ بھی ایک گھوٹالہ ہے۔
جے رام رمیش نے سوال کیا ہے کہ عوامی نمائندوں کے طور پر بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ کی کارکردگی اتنی خراب کیوں ہے؟ مرکز نے سات ماہ کی تاخیر کے بعد 20 فیصد سے کم خشک سالی ریلیف فنڈ کیوں جاری کیا؟ مرکز ’اپر بھدرا‘ اور ’مہادئی‘ پروجیکٹوں کو کیوں روک رہا ہے؟ پارلیمانی ریسرچ سروس (پی آر ایس) کے تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا ہے کہ کرناٹک کے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ نے اپنی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔
Published: undefined
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قومی اوسط حاضری 79 فیصد تھی لیکن کرناٹک کے 28 ممبران پارلیمنٹ کی اوسط حاضری 71 فیصد سے بھی کم تھی۔ جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ ان میں سے 26 ممبران پارلیمنٹ نے کبھی بھی کرناٹک کے مسائل جیسے منریگا فنڈز، خشک سالی اور سیلاب سے متعلق امدادی فنڈ اور پی ڈی ایس (عوامی تقسیم کے نظام) کے لیے چاول کے اضافی تقسیم کے معاملے پر مرکز کے انکار پر کوئی سوال نہیں اٹھایا۔
جے رام رمیش نے کہا کہ تمام مباحثوں کی نقلوں کا تجزیہ کرنے پر پی آر ایس نے پایا کہ بہت کم ممبران پارلیمنٹ نے اپنے حلقوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پالیسیاں یا پروگرام شروع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پانچ سالوں میں تین ممبران پارلیمنٹ نے ایک بھی سوال نہیں پوچھا اور پانچ ممبران پارلیمنٹ نے ایک بھی بحث میں حصہ نہیں لیا۔ جب کہ زیادہ تر ممبران پارلیمنٹ کی ریاست کو نظر انداز کرنے پر تنقید کی گئی۔ سات ممبران نے اپنے حلقہ انتخاب میں صرف آر ایس ایس (راشٹریہ سویم سیوک سنگھ) - بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے غیر قانونی ایجنڈے پر توجہ مبذول کیا۔
Published: undefined
جے رام رمیش نے کہا ہے کہ شاید سب سے قابل مذمت نتیجہ یہ ہے کہ 28 میں سے 14 ممبران پارلیمنٹ اپنے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کو فروغ دینے میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث تھے۔ کیا وزیر اعظم مودی ان ناکارہ ممبران پارلیمنٹ کو کرناٹک کے عوام پر مسلط کرنے پر معافی مانگیں گے؟ یا ان کا ارادہ بی جے پی کے ایسے ممبران پارلیمنٹ کو منتخب کرنا تھا جو کام نہیں کریں گے تاکہ کرناٹک کی آواز کو نظر انداز کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک حکومت نے ڈیزاسٹر ریلیف قوانین کے تحت مرکز سے 18,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی راحت طلب کیے ہوئے سات ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ کرناٹک شدید خشک سالی کے حالات سے لڑ رہا ہے، 236 میں سے 223 تعلقہ کو خشک سالی کی صورتحال کا سامنا ہے اور 196 تعلقوں کو شدید متاثر قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک حکومت نے ستمبر 2023 کے اوائل میں ہی مودی حکومت سے رابطہ کیا تھا اور خشک سالی سے نمٹنے کے لئے 18,171 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے مطابق مرکز کو انٹر منسٹریل سنٹرل ٹیم (آئی ایم سی ٹی) کی رپورٹ موصول ہونے کے ایک ماہ کے اندر فنڈز جاری کرنے پر حتمی فیصلہ لینا ہے۔ کرناٹک کے معاملے میں یہ مدت دسمبر 2023 میں ختم ہوئی۔ وزیر خزانہ نے گزشتہ ماہ یہ عذر پیش کیا کہ ماڈل ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔
Published: undefined
جے رام رمیش نے کہا کہ کرناٹک حکومت کے ذریعے سپریم کورٹ میں دباؤ ڈالنے کے بعد مرکز نے آخرکار فنڈز کو منظوری دی، لیکن یہ صرف 3,498 کروڑ روپے ہے۔ یہ اس رقم کا 20 فیصد سے بھی کم ہے جس کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جے رام رمیش نے سوال کیا کہ وزیر اعظم کرناٹک کے لوگوں کے تئیں اتنے لاتعلق کیوں ہیں؟ انہوں نے مرکزی حکومت پر ’اپر بھدرا‘ اور ’مہاد ئی‘ پروجیکٹوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان معاملات پر ’خاموشی‘ کو توڑنے کے لیے کہا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز