وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور پی این بی مہاگھوٹالہ پر لگاتار حملہ آور کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے میگھالیہ میں انتخابی تشہیر کے دوران بھی وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کے گھوٹالے کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم مودی نے آپ کا پیسہ بینک میں جمع کروایا اور نیرو مودی جیسے لوگ اسے لے کر فرار ہو گئے۔
راہل گاندھی نے انتخابی تشہیر کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے ان وعدوں کو بھی نشانہ بنایا جس میں انھوں نے بدعنوانی کے خلاف جنگ چھیڑنے کی بات کہی تھی۔ کانگریس سربراہ نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی بدعنوان کے خلاف نہیں ہیں، وہ خود بدعنوانی کو فروغ دینے والے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید تشریح کرتے ہوئے کہا کہ ’’بینک میں جمع ملک کے لوگوں کے 22 ہزار کروڑ نیرو مودی لے اڑے... اس کی خبر پہلے سے ہی مرکزی حکومت کو تھی لیکن انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ مودی حکومت میں بدعنوان پر روک نہیں لگ رہی بلکہ اس کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔‘‘
میگھالیہ کے مقامی مسائل پر بھی راہل گاندھی نے انتخابی تشہیر کےد وران اپنی باتیں لوگوں کے سامنے رکھی۔ اس موقع پر انھوں نے بی جے پی کے ذریعہ بولے جانے والے جھوٹ اور دیے جانے والے لالچ کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی یہاں آ کر چرچوں کو کروڑ روپے دینے کا لالچ دیتی ہے۔ وہ سوچتے ہیں کہ کانگریس ممبران اسمبلی کی طرح چرچ اور ایشور کو بھی خرید لیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں بی جے پی کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ میگھالیہ کی عوام ان کی اس سازش سے آشنا ہو چکی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ میگھالیہ کی 60 اسمبلی سیٹوں کے لیے 27 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے جس کا نتیجہ 3 مارچ کو آئے گا۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں نے میگھالیہ میں عوام کو اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے پرزور اپیل کی ہے اور یہاں کانگریس کی حالت کافی مضبوط بتائی جا رہی ہے۔
Published: 22 Feb 2018, 6:58 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Feb 2018, 6:58 AM IST