اپنے اشتعال انگیز بیانات کے لیے مشہور بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے 9 نومبر کو ایک بار پھر ’اذان‘ سے متعلق متنازعہ بیان دے کر سیاسی ماحول کو گرم کر دیا۔ انھوں نے خصوصاً بوقت فجر دی جانے والی اذان پر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے سادھو-سَنتوں کی پوجا میں خلل پڑتا ہے۔ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے اس بیان پر کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود کا اب سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم پورے ملک میں اتحاد اور ’سب کا ساتھ، سب کا وِکاس‘ کی بات کرتے ہیں تو پرگیہ سنگھ کا اس طرح بیان دینا قابل مذمت ہے۔
Published: undefined
عارف مسعود نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’وہ (پرگیہ سنگھ ٹھاکر) بھوپال کی رکن پارلیمنٹ ہیں، ان کو اپنے وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔ ملک سمجھ رہا ہے کہ ان کی اصل سوچ کیا ہے۔ آج جب حمیدیہ اسپتال میں اتنے بچوں کی موت ہوئی ہے تو اس بات کو چھوڑ کر اذان پر بیان دیا جا رہا ہے۔ یہ ایشو سے بھٹکانے کی سیاست ہے جو بی جے پی پہلے بھی کرتی رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جہاں تک حمیدیہ اسپتال میں بچوں کی موت کا سوال ہے، محکمہ کے وزیر کو فوری استعفیٰ دے دینا چاہیے۔‘‘
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ پرگیہ ٹھاکر نے منگل کے روز ایک تقریب میں مسجدوں میں ہونے والی اذان پر متنازعہ بیان دیا تھا۔ انھوں نے فجر کی اذان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے لوگوں کی نیند حرام کی جاتی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ صبح کی اذان سے سادھو-سَنتوں کی پوجا میں خلل پڑتا ہے اور اس دوران مریضوں کا بھی دھیان نہیں رکھا جاتا ہے۔
Published: undefined
دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنی شعلہ بیانی کے لیے مشہور پرگیہ ٹھاکر کے اذان سے متعلق دیئے گئے بیان پر بی جے پی نے بھی خود کو کنارہ کر لیا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت کے کابینہ وزیر بھوپندر سنگھ نے اسے پرگیہ ٹھاکر کا ذاتی بیان بتایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی مذاہب کو اپنے حساب سے کام کرنے کی آزادی ہے، اذان سے متعلق دیا گیا بیان رکن پارلیمنٹ (پرگیہ ٹھاکر) کا ذاتی نظریہ ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined