قومی خبریں

کانگریس کے رہنما ششی تھرور کو فرانس کی جانب سے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ سے نوازا گیا

فرانس نے کانگریس رہنما ششی تھرور کو اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد تھرور نے کہا کہ ’یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لیے انتہائی فخر کی بات ہے‘

کانگریس لیڈر ششی تھرور / آئی اے این ایس
کانگریس لیڈر ششی تھرور / آئی اے این ایس 

معروف مصنف اور سفارت کار سے سیاستدان بننے والے ششی تھرور کو منگل (20 فروری) کو فرانس میں اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا۔ تھرور کو فرانسیسی سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب میں فرانسیسی سینیٹ کے صدر جیرارڈ لارچر نے اپنے باوقار اعزاز ’شیویلئر ڈے لا لیجیئن ڈی آنر‘ سے نوازا۔ فرانسیسی سینیٹ کے اسپیکر لارچر نے کہا کہ ’’ڈاکٹر تھرور فرانس کے سچے دوست بھی ہیں۔‘‘ تھرور ترواننت پورم، کیرالہ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور کئی مشہور کتابوں کے مصنف ہیں۔

Published: undefined

فرانس کی حکومت نے اگست 2022 میں سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کو یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اب انہیں یہ اعزاز منگل کو دیا گیا۔ فرانسیسی سفارت خانے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ڈاکٹر تھرور کی ہندوستان-فرانس تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، بین الاقوامی امن اور تعاون کے عزم اور فرانس کے دیرینہ دوست کے طور پر ان کی انتھک کوششوں کے اعتراف میں دیا جارہا ہے۔

Published: undefined

ایوارڈ دیتے ہوئے فرانسیسی سینیٹ کے اسپیکر لارچر نے کہا کہ ’’ایک سفارت کار، مصنف اور سیاست دان کے طور پر اپنے ممتاز کیریئر کے ذریعے، ششی تھرور نے ایک ایسی ذہانت کے ساتھ دنیا کو اپنا یا ہے جس کی وجہ سے وہ بیک وقت کئی زندگیاں گزار رہے ہیں۔ وہ ہندوستان اور ایک بہتر دنیا کے لیے خدمت کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈاکٹر تھرور فرانس کے ایک سچے دوست بھی ہیں اور وہ فرانسیسی ثقافت کی گہری سمجھ رکھنے والے فرانسیسی زبان داں بھی ہیں۔ مجھے یہ اعزاز دینے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ فرانسیسی جمہوریہ آپ کی کامیابیوں، آپ کی دوستی، فرانس کے لیے آپ کی محبت کو تسلیم کرتی ہے۔‘‘

Published: undefined

یہ اعزاز حاصل کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ وہ شیویلئر ڈے لا لیجئن ڈی آنر (نائٹ آف دی لیجن آف آنر) کا اعزا قبول کرنے پر انتہائی فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’فرانس، اس کے لوگوں، ان کی زبان اور ان کی ثقافت بالخصوص ان کے ادب اور سنیما کی تعریف کرنے والے شخص کے طور پر، میں آپ کے ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازے جانے پر شکر گزار ہوں۔‘‘ تھرور نے کہا کہ ’’میرے خیال میں ایک ہندوستانی کو یہ ایوارڈ دینا فرانس-ہندوستان کے مابین تعلقات کی گہرائی اور گرمجوشی کے تسلسل کا اعتراف ہے جو طویل عرصے سے اس تعلقات کی خصوصیت رہی ہے۔‘‘

Published: undefined

تھرور نے مزید کہا کہ ’’یہ اعزاز صرف انفرادی کامیابی کا جشن نہیں ہے، بلکہ ثقافتی تبادلے اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ہمارے دونوں ممالک کی اجتماعی کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ یہ رشتہ باہمی احترام، تعریف اور تعاون کے ستونوں سے استوار ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان اور فرانس کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دینے کے لیے میں اپنی کوششیں جاری رکھنے کا منتظر ہوں۔ ہم فرانسیسی جمہوریت کا بھی زبرد ست احترام کرتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

ششی تھرور نے اس موقع پر اپنے یو این کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے ذاتی طور پر فرانسیسی وزرائے خارجہ کی ایک بڑی تعداد کو جاننے اور فرانسیسی جمہوریہ کے 3 صدور اور کئی وزرائے اعظم سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان اور فرانس اتحاد بنانے کی عجلت کو تسلیم کرتے ہیں جو اس غیر مستحکم دور میں کچھ استحکام فراہم کر سکتے ہیں۔‘‘ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے 2002 میں ’سینٹر نیشنل ڈو لیور‘ کے ذریعہ اسپانسر کردہ ’بیلس ایٹرینجرس‘ کے لئے اپنے فرانس کے دورے کے اہم لمحے کو بھی یاد کیا۔ اس تقریب میں ہندوستان میں فرانس کے سفیر تھیری میتھاؤ، ہندوستان کے G20 شیرپا امیتابھ کانت اور کانگریس لیڈر آنند شرما سمیت دیگر لوگ شریک ہوئے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined