نئی دہلی: کانگریس نے بدھ کے روز کرناٹک کے 17 باغی اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو درست ٹھہرایا۔ اس نے کہا کہ اس سے واضح ہو گیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ریاست میں کانگریس اور جنتادل سیکولر(جے ڈی ایس) کی منتخب حکومت کو چالبازی سے جبراً گرایا تھا لہٰذا وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کی قیادت والی حکومت کو فوراً برخاست کیا جانا چاہیے۔
Published: 13 Nov 2019, 4:32 PM IST
کانگریس میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ اس فیصلے سے واضح ہو گیا کہ بی جے پی نے کرناٹک میں اتحاد کی حکومت کو گراکر غیر آئینی حکومت سازی کی تھی۔ قانون اور آئین کے نقطہ نظر سے کرناٹک میں ایک ’ناجائز‘ حکومت چل رہی ہے اور اسے فوراً برخاست کیا جانا چاہیے۔
Published: 13 Nov 2019, 4:32 PM IST
سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کرکے حکومت بنائی گئی تھی۔ اب یہ حقیقت طشت از بام ہوچکی ہے لہٰذا یدی یورپا کی ٹیپ پر ریکارڈ باتوں کی تفتیش ہونی چاہیے۔
Published: 13 Nov 2019, 4:32 PM IST
انہوں نے سوال کیا کہ اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کے لیے یہ سارا کالا دھن کہاں سے آیا؟ بی جے پی کی قیادت نے اس میں کیا کردار ادا کیا تھا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پوری سازش کی تفتیش ہونی چاہیے۔ ترجمان نے وزیراعظم نریندر مودی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ برابر شفاف سیاست کی دہائی دیتے ہیں اس لیے انھیں ہمت سے کام لیتے ہوئے یدی یورپا حکومت کو برخاست کرنا چاہیے۔
Published: 13 Nov 2019, 4:32 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Nov 2019, 4:32 PM IST