قومی خبریں

رکشا بندھن کے دن راجستھان کی بسوں میں سفر مفت، کانگریس حکومت کا اعلان

راجستھان روڈویز کی بسوں میں سفر کرنے کے لیے آن لائن ٹکٹ کی سہولت دستیاب ہے، خواتین چاہیں تو 11 اگست کے لیے آن لائن ٹکٹ بک کرا سکتی ہیں۔

رکشا بندھن، تصویر آئی اے این ایس
رکشا بندھن، تصویر آئی اے این ایس 

بھائی اور بہن کی محبت کا اظہار کرنے والے تہوار رکشا بندھن کے پیش نظر راجستھان کی کانگریس حکومت نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے خواتین کو خاص سہولت فراہم کرتے ہوئے راجستھان کی روڈویز بسوں میں مفت سفر کا انتظام کیا ہے۔ دراصل بھائی کی کلائی پر راکھی باندھنے کے لیے رکشا بندھن کے دن ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور لڑکیاں سفر کرتی ہیں۔ اسی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے خواتین کو مفت سفر کا تحفہ دیا ہے۔ چونکہ رکشا بندھن 11 اگست کو ہے اس لیے 10 اگست کی رات 12 بجے کے بعد سے لے کر 11 اگست کی شب کو 12 بجے تک راجستھان روڈویز کی بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکیں گی۔

Published: undefined

اس سلسلے میں راجستھان ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ سہولت راجستھان کی سرحد تک سفر کرنے پر ہی دی جائے گی۔ روڈویز کی بس میں راجستھان سے دہلی یا دیگر ریاست کے شہروں میں جانے پر کرایہ کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ رکشابندھن کے پیش نظر ہمیشہ روڈویز کی اضافی بسیں چلائی جاتی ہیں تاکہ خواتین کو کسی بھی طرح کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ روڈویز کے بیڑے میں تقریباً 3500 بسیں ہیں اور سبھی بسوں کو راکھی کے دن دستیاب کرایا جائے گا۔

Published: undefined

راجستھان روڈویز کی بسوں میں سفر کرنے کے لیے آن لائن ٹکٹ کی سہولت دستیاب ہے۔ خواتین چاہیں تو 11 اگست کے لیے آن لائن ٹکٹ بک کرا سکتی ہیں۔ جو آن لائن ٹکٹ کی بکنگ نہیں کرا سکتیں، ان کے لیے بس اسٹینڈ پر آف لائن ٹکٹ کا بھی انتظام ہے۔ سفر کے دوران کنڈکٹر خواتین مسافروں کو ہاتھوں ہاتھ ٹکٹ دیں گے۔ قابل غور ہے کہ مفت سفر کی یہ سہولت صرف جنرل اور ایکسپریس بسوں میں ہی ملے گی۔ یعنی روڈویز کی والوو اور اے سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت نہیں دی گئی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined