ہندوستان میں 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطہ دادر اینڈ ناگر حویلی میں گزشتہ دنوں ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔ آج ان کا نتیجہ برآمد ہوا جو کانگریس کے لیے خوش آئند اور بی جے پی ے لیے مایوس کن ثابت ہوا۔ دادر اینڈ ناگر حویلی سمیت تین لوک سبھا سیٹوں اور مختلف ریاستوں کی 29 اسمبلی سیٹوں پر آج ووٹ شماری ہوئی۔ ایک طرف کانگریس نے ہماچل میں کلین سوئپ کیا، وہیں مغربی بنگال میں ٹی ایم سی نے بی جے پی کو ایک بار پھر سبق سکھایا۔ علاوہ ازیں کرناٹک میں جن دو اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخاب ہوئے تھے، ان میں کانگریس اور بی جے پی کو ایک ایک سیٹ حاصل ہوئی ہے۔
Published: undefined
ہماچل پردیش میں منڈی لوک سبھا سمیت تین اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کا صفایا ہو گیا ہے۔ کانگریس نے چاروں سیٹوں پر کلین سوئپ کیا ہے برسراقتدار بی جے پی کے لیے یہ بہت ہی بڑا جھٹکا ہے۔ اس ضمنی انتخاب میں بی جے پی دو بار سے لگاتار جیت رہی منڈی لوک سبھا سیٹ کو بھی نہیں بچا پائی ہے۔ وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر کے آبائی ضلع منڈی میں کانگریس کی جیت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ اَرکی، فتح پور اور جبل-کوٹکھائی میں بھی بی جے پی کو شکست کا منھ دیکھنا پڑا ہے۔
Published: undefined
ہماچل پردیش میں ایک لوک سبھا اور 3 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب میں جیت درج کرنے کے بعد کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری راجیو شکلا نے کہا کہ ملک بھر میں ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد قومی سطح پر تبدیلی کا اشارہ مل گیا ہے۔ ہماچل پردیش میں چاروں سیٹوں پر کانگریس کی جیت ہوئی ہے، جس میں ایک لوک سبھا اور تین اسمبلی سیٹ ہیں۔ ریاست کی عوام کو شکریہ جس نے بی جے پی کو ہٹانے کا ذہن تیار کر لیا ہے۔
Published: undefined
راجستھان کے دھریاود میں کانگریس نے جیت درج کی ہے۔ یہاں اپنے ہی علاقہ میں بی جے پی تیسرے نمبر پر رہی۔ ولبھ نگر میں بھی کانگریس نے جیت حاصل کی ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اس کامیابی کے بعد کہا کہ ’’کانگریس صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی پالیسیوں، پروگراموں اور ریاستی حکومت کے بہترین انتظام پر عوام نے مہر لگائی ہے۔ کانگریس امیدواروں کو اپنی دعائیں اور حمایت دے کر عوام نے ہماری حکومت کو مزید مضبوطی فراہم کی ہے، ترقی کا سلسلہ جوڑا ہے اور ایک بڑا پیغام دیا ہے۔‘‘
Published: undefined
مغربی بنگال کی چار اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں ترنمول کانگریس نے کلین سوئپ کیا ہے۔ ان سیٹوں کے لیے ہوئے ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی سخت سیکورٹی کے درمیان منگل کی صبح 8 بجے شروع کی گئی تھی۔ ٹی ایم سی نے گوسابا، دنہاٹا، کھرداہ اور شانتی پور میں جیت حاصل کر لی ہے۔
Published: undefined
مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’چاروں کامیاب امیدواروں کو میری طرف سے دلی مبارکباد۔ یہ جیت لوگوں کی جیت ہے، کیونکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح بنگال ہمیشہ تشہیر اور نفرت کی سیاست پر ترقی اور اتحاد کا انتخاب کرے گا۔ لوگوں کی دعاؤں سے ہم وعدہ کرتے ہیں کہ بنگال کو مزید اونچائیوں پر لے جانا جاری رہے گا۔
Published: undefined
ہریانہ کی اعلان آباد سیٹ پر انڈین نیشنل لوک دل سربراہ اوم پرکاش چوٹالہ کے بیٹے ابھے چوٹالہ نے کانگریس امیدوار پون بینیوال اور بی جے پی-جے جے پی امیدوار گووند کانڈا کو ہرا دیا ہے۔ یہ سیٹ ابھے کے ہی استعفیٰ دینے سے خالی ہوئی تھی۔ جیت کے بعد ابھے چوٹالہ نے کہا کہ دیوالی کے بعد ٹیکری اور سنگھو بارڈر جاؤں گا۔ کسان کہیں گے تو دوبارہ استعفیٰ دے دوں گا۔
Published: undefined
دادر اینڈ ناگر حویلی کے لوک سبھا ضمنی انتخاب میں شیوسینا امیدوار اور آنجہانی موہن ڈیلکر کی بیوہ کلاوتی ڈیلکر نے اپنے بی جے پی حریف پر 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے تاریخی جیت حاصل کی۔ انھوں نے منگل کو نتیجہ برآمد ہونے کے بعد لوگوں کو موہن ڈیلکر کے تئیں عزت کا جذبہ رکھنے اور ان پر بھروسہ کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز