آئندہ لوک سبھا انتخاب کے لیے کانگریس نے 21 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں اتر پردیش کی سیٹوں کے لیے 16 نام اور مہاراشٹر کی سیٹوں کے لیے 5 نام بطور پارٹی امیدوار طے کیے گئے ہیں۔ پارٹی نے اتر پردیش کی مراد آباد سیٹ سے ریاستی کانگریس صدر راج ببر اور سابق وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کو مہاراشٹر کے شعلہ پور سے میدان میں اتارا ہے۔ وہیں حال ہی میں بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئیں ساوتری پھولے کو بہرائچ سے ٹکٹ ملا ہے۔
Published: 14 Mar 2019, 9:09 AM IST
لسٹ میں بڑے ناموں کی بات کریں تو اتر پردیش کی ہائی پروفائل سیٹوں میں سے ایک سلطان پور سیٹ کے سنجے سنگھ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ جب کہ سابق مرکزی وزیر شری پرکاش جیسوال کو کانپور سیٹ سے اتارا گیا ہے۔ وہیں مہاراشٹر میں پریہ دت کو ممبئی-نارتھ سنٹرل سے اور ملند دیوڑا کو ممبئی جنوب سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ وہیں اکھل بھارتیہ کسان کانگریس کے صدر نانا پٹولے کو ناگپور سے ٹکٹ ملا ہے۔ وہ اس سیٹ سے بی جے پی کے نتن گڈکری کو چیلنج پیش کریں گے۔
مکمل فہرست کی بات کریں تو اتر پردیش کی نگینہ (محفوظ) سے اوم وتی دیوی جاٹو، کھیری سے ظفر علی نقوی، سیتا پور سے قیصر جہاں، مشرخ (محفوظ) سے منجری راہی، موہن لال گنج (محفوظ) سے راما شنکر بھارگو، پرتاپ گڑھ سے رتنا سنگھ، فتح پور سے راکیش سچان، سنت کبیر نگر سے پرویز خان، بانس گاؤں سے کُش سوربھ، لال گنج (محفوظ) سے پنکج موہن سونکر، مرزا پور سے للتیش پتی ترپاٹھی اور رابرٹس گنج سے بھگوتی پرساد چودھری کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ دوسری طرف مہاراشٹر کی گڑھ چرولی چمر سیٹ سے ڈاکٹر نامدیو دُلو جی اسیندو کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
اس سے قبل کانگریس نے پہلی فہرست میں 15 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا، جس میں یو پی کی 11 اور گجرات کی 4 سیٹوں کے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔ پہلی لسٹ میں ہی راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کا نام شامل تھا جو اپنی روایتی سیٹوں سے ہی انتخاب لڑیں گے۔
Published: 14 Mar 2019, 9:09 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Mar 2019, 9:09 AM IST
تصویر: پریس ریلیز