قومی خبریں

بالاکوٹ میں مرنے والوں کی تعداد 300 سے 350 کس نے بتائی: پی چدمبرم

کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے وائس ائیر مارشل اور وزارت خارجہ کے ذریعہ ہلاک دہشت گردوں کی تعداد نہ بتائے جانے پر سوال اٹھایا ہے کہ آخر مہلوکین کی تعداد 300 سے 350 کس نے بتائی؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی:پاکستان میں بالاکوٹ کے جیش محمد کے دہشت گرد ی کے ٹھکانے پر ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی میں مرنے والوں کی تعداد پر آج سیاست گرم ہوگئی ۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم سمیت کئی کانگریسی رہنماؤں نے اس کارروائی میں مارے گئے لوگوں کی تعداد پر سوال کھڑے کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔

Published: undefined

کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے وائس ایر مارشل نے مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی شہری یا فوجی ہلاک نہیں ہوا ہے تو مرنے والوں کی تعداد 300-350 کس نے بتائی؟ پی چدمبرم نے کہا’’ ایک ہندوستانی شہری کے ناطے میں اپنی حکومت پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو بھی بھروسہ ہوتو حکومت کو اپوزیشن کی نکتہ چینی کرنے کے بجائے اس کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کو ان کی شاندار حصولیابی کے لئے سلام کرنے والے سب سے پہلے شخص کانگریس کے راہل گاندھی تھے۔ مودی جی یہ کیوں بھول گئے۔‘‘

کانگریس کے ہی ایک دیگر سینئر لیڈر او رسابق مرکزی وزیر کپل سبل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کئی غیر ملکی اخبارات اور ایجنسیوں کی خبروں کا ذکر کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بالاکوٹ میں دہشت گردوں کو کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا ہے۔ کپل سبل نے حکومت پر دہشت گردی کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا’’ میں وزیر اعظم سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا انٹرنیشنل میڈیا پاکستان کی حمایت کررہی ہے؟ جب بین الاقوامی میڈیا پاکستان کے خلاف بولتی ہے تو آپ خوش ہوتے ہیں ۔ کیا ان کا سوال پوچھنا پاکستان کی حمایت کی وجہ سے ہے؟‘‘

Published: undefined

خیال رہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے ٹیلی فون پر ہوئی با ت چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں دو سو سے ڈھائی سو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے بھی کل گجرات میں کہا کہ اس کارروائی میں ڈھائی سو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت میں وزیر اور اپنے بیانات کے لئے مسلسل تنازعات کا شکار رہنے والے نوجوت سنگھ سدھو نے بھی ٹوئٹ کرکے سوال کیا کہ تین سو دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ ہاں یا نہیں ؟

سدھو نے کہا کہ ’’ تب آپ کا مقصد کیا تھا کیا آپ دہشت گردوں کو ختم کررہے تھے یا درخت اکھاڑ رہے تھے‘ کیا یہ آئندہ الیکشن کے مدنظر ڈرامہ تو نہیں تھا۔ فوج سے سیاسی فائدہ اٹھانے کا سلسلہ بند کریں۔ یہ ویسا ہی پاک ہے جیسا ملک۔‘‘ اس سے قبل مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور کانگریس کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ بھی بالا کوٹ دہشت گرد کیمپ پر ہوئے فضائی حملے کے ثبوت مانگ چکے ہیں۔ فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنووا نے کہا ہے کہ ہمار اکام ہدف کو نشانہ بناناہے ہلاک ہونے والوں کی گنتی کرنا نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined