نئی دہلی۔ بی جے پی سربراہ امت شاہ کے بیٹے جے امت بھائی شاہ کی کمپنی کو بے تحاشہ منافع ہونےکی خبر آنے سے کانگریس پارٹی امت شاہ پر حملہ آور ہو گئی ہے۔ راہل گاندھی نے جہاں وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ پر بڑا حملہ بو لتے ہوئے ٹوئٹ کیا وہیں کپل سبل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ 2014 میں حکومت تبدیل ہونے کے ساتھ ہی امت شاہ کے بیٹے کی قسمت بھی بدل گئی۔
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت اور امت شاہ پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہا کہ نوٹ بندی سے آر بی آئی ، کسان یا عام آدمی کو کچھ حاصل نہیں ہوا لیکن امت شاہ کے بیٹے جے امت شاہ کا منافع ضرور بلندی تک پہنچ گیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے اس ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا ہے جس میں جے امت شاہ کے کاروبار کو گزشتہ دو تین سالوں میں خوب پھلنے پھولنے کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
قبل ازیں کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’’بی جے پی صدر کے بیٹے کی کمپنی کا منافع اچانک 80 کروڑ کس طرح ہو گیا؟ ۔ اس معاملےمیں ای ڈی اور سی بی آئی کیا کر رہی تھی۔‘‘ کپل سبل نے کہا کہ بغیر منقولہ اور غیر منقولہ املاک کے کمپنی نے 80 کروڑ کا ٹرن اوور کس طرح حاصل کر لیا؟ کپل سبل کے مطابق کمپنی کے پاس نہ تو کوئی کچا مال تھا اور نہ ہی کوئی اسٹاک ،اس کے باوجود کمپنی کا 80 کروڑ روپے کا سالانہ منافع کمانا کیا حیرت انگیز نہیں ہے؟انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی جانچ ہونی چاہئے۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
واضح رہے کہ ایک میڈیا رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امت شاہ کے بیٹے کی کمپنی ٹیمپل انٹر پرائزیز پرائیویٹ لمٹیڈ مارچ 2013 میں خسارے میں چل رہی تھی اور یہ خسارہ 6239 روپے کا تھا۔ مارچ 2014 میں بھی کمپنی خسارے میں رہی اوراس سال خسارہ 1724 روپے تھا لیکن2014-15 میں کمپنی منافع میں آ گئی۔ 2014 میں کمپنی کا منافع 18728 روپے ہو گیا جبکہ کمپنی کی مالیت 50000 روپے کی تھی۔ لیکن اصل تبدیلی2015-16 میں ہوئی جب کمپنی کا ٹرن اوور 80 کروڑ کا ہو گیا۔ یعنی ایک سال میں یہ منافع 16000 ہزارگنا بڑھ گیا ۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
کپل سبل نے کہا کہ اعداد و شمار سے صاف ظاہر ہوتا ہےکہ مارچ 2014 میں کوئی ایسی تبدیلی آئی جس سے کمپنی منافع کی طرف گامزن ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد کمپنی کو قرض ملنے شروع ہو گئے۔ راجیو کھانڈیل وال نامی ایک شخص نے اپنی فنانس کمپنی سے ٹیمپل انٹر پرائزیز کو 15.78 کروڑ کا قرض دیا۔ کپل سبل نے مزید کہا کہ اکتوبر 2016 میں ٹیمپل انٹر پرائزیز کمپنی بند ہو گئی اور اس کمپنی کے بند ہونے کی وجہ خسارے میں ہونا بتایا گیا ہے ۔
کپل سبل نے کہا ’’گڑبڑی ہوئی یا نہیں یہ تو جانچ سے ہی پتہ چلے گا اسی لئے ہم جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کیا وزیر اعظم جانچ کرائیں گے؟ میں وزیر اعظم سے یہ دریافت کرنا چاہتا ہوں کہ کیااب وہ اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی کو سونپیں گے؟ جس کے نام میں امت شاہ لگا ہو، اسے گرفتار کون کرے گا؟ ۔ ‘‘
عام آدمی پارٹی نے بھی اس پورے معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ عآپ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اس معاملہ میں منی لانڈرنگ کی بو آتی ہے اور پارٹی کا موقف ہے کہ کمپنی کے تمام ریکارڈس کی جانچ کرائی جائے۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
بی جے پی کا کہنا ہے کہ ’دی وائر‘ ویب سائٹ نے جھوٹی اسٹوری شائع کی ہے جس کا مقصد بی جے پی صدر امت اور ان کے بیٹے کی شبیہ کو خراب کرنا ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ویب سائٹ کے مضمون کا مقصد امت شاہ کی عزت کو خراب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد آباد میں ویب سائٹ کے خلاف 100 کروڑ کا ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا جائے گا۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
کانگریس لیڈر سنجے نروپم نے نے فوری رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا۔ کہ ایسا مضمون جو کسی کمپنی کے بے تحاشہ منافع کو رپورٹ کر رہا ہو اس سے کسی کی ہتک عزت کس طرح ہو سکتی ہے۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Oct 2017, 6:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز
تصویر سوشل میڈیا