قومی خبریں

جموں و کشمیر: کانگریس اور این سی میں سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت جاری

عام انتخابات کے پیش نظر نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جموں کشمیر میں سابقہ بی جے پی اور پی ڈی پی کو شکست دینے کے لئے سیٹوں کے بٹوارے پر باقاعدہ بات چیت شروع کردی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

جموں: نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے عام انتخابات کے پیش نظر جموں کشمیر میں سیٹوں کے بٹوارے یا تقسیم پر باقاعدہ گفت وشنید شروع کردی ہے۔ امکانی طور پر وادی کشمیر میں کانگریس نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ جموں بشمول لداخ میں نیشنل کانفرنس کانگریسی امیدواروں کی حمایت کرے گی۔

یو این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ عام انتخابات کے پیش نظر نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جموں کشمیر میں سابقہ مخلوط حکومت کی اکائیوں بی جے پی اور پی ڈی پی کو شکست دینے کے لئے سیٹوں کے بٹوارے پر باقاعدہ بات چیت شروع کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے نمائندوں نے قومی راجدھانی نئی دہلی میں منعقدہ ایک میٹنگ میں بھی شرکت کی۔

ایک رپورٹ کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ایک وفد نے جمعرات کو نئی دہلی میں سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کے ساتھ ملاقات کرکے سیٹوں کے بٹوارے کو حتمی شکل دی، تاہم نیشنل کانفرنس کے ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ دونوں جماعتوں کی اعلی قیادت لے گی۔

Published: undefined

ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان ریاست میں عام انتخابات کے پیش نظر الائنس تشکیل دینے کے بارے میں بات چیت کا سلسلہ گذشتہ چند روز سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے اعلیٰ لیڈروں کے درمیان منعقدہ میٹنگ میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا تاہم بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ نیشنل کانفرنس پہلے الائنس تشکیل دینے کےحق میں نہیں تھی لیکن کانگریس لیڈران بی جے پی کو شکست دینے کے لئے نیشنل کانفرنس کے ساتھ الائنس تشکیل دینے کے لئے حد درجہ آمادہ ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس نے وادی میں لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان پہلے ہی کیا ہے۔

بتادیں کہ 2014 کے عام انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے وادی کی سبھی تین نشستوں جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں کی دو اور لداخ کی ایک سیٹ پر جیت درج کی تھی۔ تاہم طارق حمید قرہ کے پی ڈی پی کی بنیادی رکنیت اور پارلیمان سے مستعفی ہونے کے بعد سری نگر کی پارلیمانی نشست پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے جن میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

اننت ناگ اور لداخ پارلیمانی نشستوں سے بھی بالترتیب پی ڈی پی اور بی جے پی امیدواروں نے استعفی دیا تھا، تاہم ان پر ضمنی انتخابات نہیں ہوئے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined