قومی خبریں

لوک سبھا انتخابات: راہل اور دیوگوڑا میں بن گئی بات! بی جے پی کی راہ مشکل

سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر کے سربراہ ایچ ڈی دیوگوڑا نے راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے کرناٹک میں 10 سیٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ باضابطہ اعلان 10 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

لوک سبھا انتخابات کے مدنظر مودی بریگیڈ کو شکست فاش دینے کے مقصد سے پورے ملک میں اپوزیشن اتحاد کی کوششیں چل رہی ہیں اور اس معاملے میں کرناٹک کا نقشہ صاف ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ 6 مارچ کو کانگریس صدر راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم و جنتا دل سیکولر کے سربراہ ایچ ڈی دیوگوڑا نے انتہائی اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دیوگوڑا نے پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے بتایا کہ ’’ریاست میں کل 28 لوک سبھا سیٹیں ہیں جن میں سے 10 سیٹیں میں نے حاصل کی ہیں۔ لیکن اس تعلق سے راہل گاندھی آخری فیصلہ کے سی وینوگوپال اور دانش علی کے ساتھ بات چیت کے بعد لیں گے۔‘‘

Published: undefined

دراصل جنتا دل سیکولر کرناٹک میں کانگریس کے ساتھ مل کر حکومت کر رہی ہے اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں دونوں ہی پارٹیاں ایک ساتھ مل کر میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ 6 مارچ کو راہل گاندھی اور دیوگوڑا کی ملاقات اسی تعلق سے ہوئی۔ میٹنگ میں اے آئی سی سی کرناٹک کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور جنتا دل سیکولر کے قومی جنرل سکریٹری دانش علی بھی موجود تھے۔ دیوگوڑا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اس میٹنگ کے بارے میں بتایا کہ ’’دونوں پارٹیوں کے درمیان لوک سبھا انتخابات کے تعلق سے یہ پہلی سنجیدہ گفتگو تھی۔ اس سے قبل ایک میٹنگ میں راہل جی سے میں نے 12 سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا، لیکن آج میٹنگ میں 10 سیٹیں دینے کی گزارش کی ہے۔‘‘

Published: undefined

دیوگوڑا نے امید ظاہر کی ہے کہ وینوگوپال اور دانش علی سے بات چیت کر کے راہل گاندھی باضابطہ سیٹوں کے تعلق سے اعلان کریں گے اور امید ہے کہ 10 مارچ تک پوری تصویر لوگوں کے سامنے آ جائے گی۔ دیوگوڑا نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ سیٹوں کے معاملے میں تصویر صاف ہونے کے بعد ہم بیٹھ کر یہ طے کریں گے کہ کس سیٹ سے کون سی پارٹی امیدوار کھڑے کرے گی اور پھر انتخابی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined