سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع عالمی شہرت یافتہ سکی ریزارٹ گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 اعشاریہ 6 ڈگری اور جنوبی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسم سے متعلق یہ تفصیلات مقامی محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کی گئیں۔
گلمرگ اور پہلگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق وہاں صبح کے وقت پانی کے نل اور آبی ذخائر جمے ہوئے پائے گئے۔
دریں اثنا شمالی کشمیر میں قصبہ بانڈی پورہ کو گریز سے جوڑنے والی 84 کلو میٹر طویل سڑک کو بدھ کے روز گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا۔ اس سڑک پر 2 نومبر کو وادی کے بالائی حصوں میں ہوئی بھاری برف باری کے بعد گاڑیوں کی آمد ورفت معطل کی گئی تھی۔ تاہم 434 کلو میٹر طویل سری نگر لیہہ قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ یکم نومبر سے بدستور بند پڑے ہوئے ہیں۔ ان دونوں سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی یکطرفہ آمدورفت جاری ہے۔
Published: undefined
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا جس کے باعث رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ دن کے وقت درجہ حرارت معمول پر رہے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ریاست میں 10 نومبر سے بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور اس طرح سے گذشتہ رات رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی۔ سری نگر میں بدھ کو صبح کے وقت ٹہلنے والوں کو سردی سے بچنے کے لئے مفلر اور گرم ملبوسات پہننے ہوئے دیکھا گیا۔ عالمی شہرت یافتہ سکی ریزارت گلمرگ گذشتہ رات وادی میں سرد ترین مقام رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
دوسرے مقام پر دوسرا سیاحتی مقام پہلگام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 5 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ریاست میں خطہ لداخ کے دو قصبے کرگل اور لیہہ بدستور سرد ترین مقامات بنے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قصبہ کرگل میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری جبکہ لیہہ میں منفی 8 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز