سرینگر: وادی کشمیر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سری نگر میں پیر اور منگل کی درمیانی رات رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جب یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا 'سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو کہ معمول سے دو ڈگری کم ہے'۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ تاہم اس کے بعد آنے والے کچھ دنوں کے دوران وادی میں کہیں کہیں بارش یا برف باری کا امکان ہے۔
وادی میں جنوبی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام بدستور سب سے سرد ترین مقام بنا ہوا ہے جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
Published: 04 Dec 2018, 10:09 PM IST
شمالی کشمیر میں واقع عالمی شہرت یافتہ سکی ریزارٹ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے بیشتر حصوں میں منگل کی صبح پانی کے نل جمے ہوئے پائے گئے۔
دوسری جانب خطہ لداخ میں مسلسل منفی درجہ حرارت کے باعث تمام آبی ذخائر منجمند ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ لداخ کے دونوں اضلاع لیہہ اور کرگل ریاست میں بدستور سرد ترین مقامات بنے ہوئے ہیں جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 10 اعشاریہ 6 اور منفی 9 اعشاریہ 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی کشمیرمیں گیٹ وے آف کشمیر کہلائے جانے والے قاضی گنڈ اور شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2 اعشاریہ 8 ڈگری اور 3 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Published: 04 Dec 2018, 10:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Dec 2018, 10:09 PM IST