قومی خبریں

راہل گاندھی نے ’سی بی آئی‘ ہنگامہ کا تار ’رافیل‘ سے جوڑا

کانگریس صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو چھٹی پر اس لیے بھیجا گیا کیونکہ وہ رافیل معاملہ پر تحقیقات شروع کرنے والے تھے اور کاغذات اکٹھا کر رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

’’سی بی آئی چیف آلوک ورما رافیل گھوٹالہ کے کاغذات اکٹھا کر رہے تھے۔ انھیں زبردستی چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ وزیر اعظم کا پیغام بالکل صاف ہے، جو بھی رافیل کے ارد گرد آئے گا، ہٹا دیا جائے گا، مٹا دیا جائے گا۔ ملک اور آئین خطرے میں ہے۔‘‘ یہ الفاظ کانگریس صدر راہل گاندھی کے ہیں جو انھوں نے ٹوئٹر پر لکھے ہیں۔ کچھ اسی طرح کے الفاظ وہ راجستھان اسمبلی انتخابات کے مدنظر انتخابی تشہیر کے لیے پہنچے جھالاواڑ میں اپنی تقریر کے دوران بھی دہرا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کانگریس صدر نے جلسہ گاہ میں موجود لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں انل امبانی، رافیل اور پی ایم مودی کی کہانی بتاتا ہوں۔ ہمارے یہاں ایک کمپنی ہے ایچ اے ایل جس نے پاکستان کو شکست دینے والا جہاز بنایا۔ ایچ اے ایل کمپنی پر ایک روپے کا قرض نہیں ہے۔ مودی وزیر اعظم بننے پر فرانس جاتے ہیں جس کے ساتھ انل امبانی بھی جاتے ہیں۔ انھیں رافیل کا کانٹریکٹ دے دیا گیا۔ امبانی نے اپنی زندگی میں کبھی جہاز نہیں بنایا۔ کمپنی پر 45 ہزار کا قرض ہے۔‘‘

Published: undefined

اس طرح راہل گاندھی نے رافیل معاہدہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ایچ اے ایل کو نظر انداز کرنے اور انل امبانی کی کمپنی کو نااہل ہوتے ہوئے بھی ٹھیکہ دینے کی بات ایک نئے انداز میں عوام کے سامنے رکھ دی۔ ساتھ ہی انھوں نے اس کو سی بی آئی سے جوڑتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا کہ ’’کل رات چوکیدار (وزیر اعظم نریندر مودی) نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر کو ہٹا دیا کیونکہ سی بی آئی رافیل پر سوال اٹھا رہی تھی۔‘‘

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کیجریوال کے ساتھ ساتھ سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے بھی سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو چھٹی پر بھیجے جانے کو مشتبہ قرار دیا ہے اور اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ رافیل معاہدہ کی جانچ کرنے والے تھے اسی لیے انھیں چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔

بہر حال، راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی 35 ہزار کروڑ روپے والے منریگا کو گڈھا کھودنے والا کہتے ہیں لیکن نیرو بھائی، میہل بھائی 35 ہزار کروڑ روپے لے کر بھاگتا ہے اور میہل چوکسی ارون جیٹلی کی بیٹی کو آئی سی آئی سی آئی بینک اکاؤنٹ میں پیسہ دیتا ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined