ایل جے پی میں جاری گھمسان کے درمیان جمعرات کے روز چراغ پاسوان کو اس وقت زوردار جھٹکا لگا جب پارٹی کی نیشنل کونسل میٹنگ کے دوران ان کے چچا پشوپتی کمار پارس کو پارٹی کا نیا قومی صدر منتخب کر لیا گیا۔ گویا کہ چراغ پاسوان اب ایل جے پی کے قومی صدر بھی نہیں رہ سکے۔ اب چراغ پاسوان کی ایل جے پی پر گرفت کمزور ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے، حالانکہ انھوں نے مضبوطی کے ساتھ اپنی جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔
Published: undefined
جمعرات کے روز پارٹی کے قومی کونسل کی میٹنگ ایل جے پی لیڈر سورج بھان سنگھ کے گھر پر بلائی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں صدر عہدہ کے لیے انتخاب کرایا گیا جس میں صرف پشوپتی پارس نے ہی نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔ ایسے میں انھیں بلامقابلہ پارٹی کا نیا قومی صدر چن لیا گیا۔ پارٹی لیڈر سورج بھان سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا اعلان کیا۔ اس دوران باغی گروپ کے سبھی لیڈر موجود تھے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ چراغ پاسوان اور ان کے چچا پشوپتی پارس کے درمیان پارٹی کے مالکانہ حق کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔ پانچ اراکین پارلیمنٹ کو اپنے ساتھ کر کے پارس نے پارٹی کی کمان اپنے ہاتھوں میں لینے کی تیاری کر لی ہے۔ حالانکہ چراغ اپنی پوزیشن سے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان حالات میں بدھ کے روز پشوپتی پارس پٹنہ پہنچے اور جمعرات کو نیشنل کونسل کی میٹنگ طلب کی گئی۔ آج اسی میٹنگ میں پارس پارٹی کے قومی صدر چن لیے گئے۔ حالانکہ اس میٹنگ میں رکن پارلیمنٹ پرنس راج شامل نہیں ہوئے۔
Published: undefined
سیاسی گلیاروں میں گزشتہ کچھ مہینوں سے یہ خبریں گرم تھیں کہ پارس کسی بھی وقت پارٹی کا تختہ پلٹ سکتے ہیں۔ چراغ پاسوان نے بھی کہا ہے کہ چچا نے ان کے ساتھ اور پارٹی کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ حالانکہ پارس کا کہنا ہے کہ انھوں نے پارٹی توڑی نہیں ہے بلکہ اس کے وجود کو بچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسمبلی انتخاب میں شکست کے بعد پارٹی کا وجود دھیرے دھیرے ختم ہو رہا تھا، ایسے میں رام ولاس پاسوان کی پارٹی اور ان کے نظریات کو بچانے کے لیے یہ فیصلہ لیا گیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز