ہندوستانی جمہوریت میں ملکی صحافت کا کلیدی کردار ریا ہے تاہم موجودہ وقت میں یہی صحافت ٹی آر پی کے لئے ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے پر آمادہ ہے۔غور کریں تو بی جے پی کے دور اقتدار میں صحافیوں کے لیے کام کرنے میں مشکلات بڑھی ہیں۔ اس دوران جہاں دیگر میڈیا ادارے آزادی صحافت پر قدغنوں کی شکایات کرتے دکھائی دیئے، وہیں نوآزمودہ ٹی وی چینل کے نام نہاد صحافی محض چند برسوں میں ہی ملکی میڈیا کے منظر نامے پر غالب آنے کے لیے لاشوں پر بھی کھیل جانے میں کوئی عار محسوس نہیں کر رہے ہیں۔
Published: undefined
ممبئی پولیس کی جانب سے کچھ ٹی وی چینلوں کے ذریعہ اپنی ٹی آرپی بڑھانے کے لیے کی جارہی غیر اخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا پردہ فاش کیے جانے کے بعد سے بی جے پی کے بھونپو خود ساختہ صحافی بوکھلا اٹھے ہیں۔ ایسے لوگ بڑی بے شرمی سے پولیس کو ہی جھوٹا ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اپنے گناہوں کی پردہ پوشی کے لیے ٹی آر پی خرید نے والے چینل اب گلے پھاڑ پھاڑ کرعوام کی آواز بننے کی دہائی دیتے نظر آرہے ہیں مگر اس سے پہلے تک وہ لوگ حکمرانوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے بڑی دیدہ دلیری سے جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنا کر پیش کر رہے تھے۔
Published: undefined
سوشانت معاملے میں جھوٹ کا پرچار کیا، خود کشی کو قتل بنا کر پیش کیا، ریا چکرورتی کو ملزم بنا کر کٹہرے میں کھڑا کر دیا، ساری فلمی دنیا کو سوشانت کا دشمن قرار دیا اور فلمی دنیا کو منشیات کا گڑھ ثابت کرنے کے لیے نہ جانے کہاں کہاں سے آدھے ادھورے اور فرضی ثبوت گڑھ کر پیش کیے، لیکن ایمس کی رپورٹ اور ریا چکرورتی کی ضمانت، بمبئی ہائی کورٹ کا ریا کو کسی ڈرگ سنڈیکیٹ کا حصہ ماننے سے انکار اور سی بی آئی کا سوشانت کے اکاونٹ میں کسی طرح کے خورد برد کے بارے میں ثبوت کا نہ پانا، یہ وہ حقائق ہیں جو بھونپو صحافیوں کے سارے دعووں کی قلعی کھول دیتے ہیں۔
Published: undefined
ٹی آر پی کے لیے کھیلے گئے کھیل میں حد تو تب ہوگئی جب پالگھر معاملے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کا نام گھسیٹا گیا۔ ممبئی کے باندرہ علاقہ میں مہاجر مزدوروں کو تبلیغی جماعت سے جوڑنا فرقہ وارانہ بھی تھا اور مسلمانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف بھی۔ دہلی فسادات اور حالیہ ہاتھرس گینگ ریپ معاملے میں بھی ٹی وی چینلوں کے جھوٹ سامنے آتے رہے ہیں۔ یہ چینل لوگوں کو جھوٹ پروستے رہے ہیں، خواہ ان کے جھوٹ سے غریب، پچھڑے اور اقلیتیں بشمول مسلم اقلیت نشانہ بنائی جائے۔ نشانہ بننے دو، ٹی آر پی بڑھے گی اور سیاسی آقا خوش ہوں گے اور دولت پانی کی طرح بہے گی۔
Published: undefined
ٹی وی چینلوں کی ٹی آر پی کے تعلق سے دھوکہ دینے کا شاید ہی کسی کو تصور رہا ہوگا تاہم اب یہ بھی سامنے آنے لگا ہے کہ اس ملک میں لوگوں کو حقیقت سے واقف کروانے کا اہم ذریعہ سمجھے جانے والے ٹی وی نیوز چینل خود عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اپنی ٹی آر پی کے تعلق سے غیر درست دعوے کرتے ہوئے سینکڑوں بلکہ ہزاروں کروڑ روپئے کے اشتہارات دھوکہ سے بٹور رہے ہیں۔ اس دھوکہ دہی میں وہ نیوز چینل بھی شامل ہیں جو ملک میں پہلے ہی سے نفرت پھیلا نے میں سرفہرست رہے ہیں۔ حالت تو یہ ہوگئی ہے کہ پیسوں کی حوس میں عوامی مسائل کو بھی ہندو مسلم کے رنگ میں رنگتے ہوئے ملک کی فرقہ وارانہ فضاء کو متاثر کیا جا ریا ہے۔ عوام میں نفرت کے بیج بوئے جارہے ہیں اور عوام کو ایک دوسرے سے نفرت پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
ملک میں حکومتوں اور سیاسی جماعتوں پر عوام کا اعتماد اور بھروسہ کم سے کم ہوتا جا رہا ہے۔ لوگ اپنے مسائل کے لیے حکومتوں سے رجوع نہیں کر پا رہے ہیں۔ جن ٹی وی چینلوں کی اور میڈیا کی ذمہ داری حکومت کو عوام کے مسائل سے واقف کروانے کی ہے وہی عوام کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں۔ یہی ٹی وی چینل اگر اپنی ٹی آر پی کے لیے دھوکہ کرنے لگیں اور رشوت دینے لگیں اور فرضی اعداد و شمار کی بنیاد پر اشتہارات حاصل کرنے لگیں تو پھر عوام کو ان چینلوں کا بائیکاٹ کرنا ضروری ہوجائے گا۔ ایسے چینلوں کے خلاف پہلے تو نفرت اور منافرت پھیلانے کے الزام ہی میں کارروائی کرنے کی ضرورت تھی اور اب دھوکہ دینے کی پاداش میں بھی ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔ ان کے خلاف مقدمہ کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھاتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
Published: undefined
جو ٹی وی چینل نیوز کے نام پر نفرت پھیلاتے ہیں اور کیمرے کے سامنے بیٹھ کر اصولوں اور انصاف و ایمانداری کی بات کرتے ہیں، اگر وہی دھوکہ کرنے لگتے ہیں تو پھر کسی پر بھروسہ کرنے میں عوم کو ہمیشہ ہی پس و پیش رہے گی۔ آج سارا ملک انہیں ٹی وی چینلوں کو دیکھتا ہے اور ان کے پروپیگنڈے کا شکار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ اب ان کی اصلی حقیقت کو ملک کے عوام کو جان لینا چاہیے اور ان کے پروپیگنڈے کا شکار ہوئے بغیر ان سے ان ہی کی حقیقت پر سوال کرنے کی ضرورت ہے۔ جن ٹی وی چینلوں کے اینکر آستینیں اونچی کرکے سوال کرتے نہیں تھکتے آج انہیں سے سارا ملک سوال کر رہا ہے کہ وہ اپنی حقیقت عوام کے سامنے پیش کریں اور اپنا دھوکہ باز چہرہ عوام کے سامنے پیش کرتے ہوئے معذرت کریں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined