نئی دہلی /جے پور: مدارس اسلامیہ کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اورچیئرمین امام ربانی گروپ آف اسکولس مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ مدارس اسلامیہ کے نصاب و نظام میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ بات انہوں نے جامعۃالہدایہ جے پور میں مدارس کے نصاب سے متعلق ایک اجلاس میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہی۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ یورپ کے صنعتی انقلاب کے بعد اور سائنس وٹیکنالوجی کے ترقی پذیر دور میں مدارس اسلامیہ کے نصاب میں تبدیلی کی ضرورت تھی، حالات کا تقاضہ تھا کہ مدارس میں پڑھنے والے دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے بھی واقف ہوں اور دعوت ِدین کے لئے انگریزی وہندی زبان سے واقفیت تو وقت کی ضرورت ہے۔ اس لئے بہت سے مدارس نے عصری تعلیم پر توجہ دینی شروع کر دی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے مکمل طور پر نافذ کیا جائے۔
Published: undefined
مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ جامعۃ الہدایہ جے پور دینی وعصری علوم کا حسین امتزاج اور اصلاح نصاب کی ایک طاقتور تحریک اور تعلیمی مشن ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کمپیوٹر سنٹر اس وقت قائم کیا گیا تھا جب بہت سی یونیورسیٹیوں میں بھی کمپیوٹر سنٹر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلامیہ میں زیرتعلیم بچوں کے والدین و سرپرستوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ والدین کے سامنے اپنے بچوں کو جامعہ بھیجنے کا مقصد واضح ہونا چاہئے، مقصدیت سے واقفیت ضروری ہے، آپ کو جب بھی بلایا جائے تو آپ ضرور آئیں اور جامعہ سے جو ہدایات دی جائیں ان کی پابندی کریں، یہ آپ کے بچوں کے حق میں مفید ہے اورجامعہ کے حق میں بھی، ہم دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہطلبہ کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد اورمنصوبہ بندی کریں، مدارس اسلامیہ کی تاریخ میں اس طرح کی نشست پہلی مرتبہ منعقد ہو رہی ہے، انشاء اللہ اس طرح کی نشستوں کا انعقاد ہر سال ہوتا رہے گا۔
Published: undefined
مولانا مجددی نے کہا کہ طلبہ تعلیم میں ترقی کریں اور ان کا مستقبل روشن ہو، اور قوم وملت کے اچھے خدمت گزار بنیں، آپ اور ہماری سب کی تمناوخواہش ہے، لیکن یہ صرف چاہنے سے نہیں ہوسکتا اس میں سبھی کے تعاون کی ضرورت ہے۔ آپ کے تعاون کے بغیر بچہ کی پائیدار تربیت مشکل ہے، طالب علم جب تک جامعہ میں ہیں، یہاں کے اساتذہ، نگراں، اور انتظامیہ ان کی مکمل نگہداشت رکھتے ہیں، ان کے ایک ایک لمحہ کو قیمتی بنانے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔
Published: undefined
انہوں نے مدارس اسلامیہ کے نصاب میں تبدیلی کے ثمرات سے آگاہ کرتے ہو ئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ جامعہ نے شروع سے ہی اپنے نصاب میں قرآن وحدیث، فقہ اسلامی، سیرت نبوی، تاریخ اسلام، عربی واردو زبان وادب، کے ساتھ سائنس وریاضی، اورانگریزی وہندی زبان کو شامل کیا ہے، نیز یہاں سے فارغ ہونے والاطالب علم معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لئے ٹیکنیکل تعلیم، کمپوٹر، الیکٹریکل اور میکینکل میں سے ایک ہنر بھی سکھانے کا نظم کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ جامعہ میں رہتے ہوئے طالب علم ہائی اسکول کا سر ٹیفکیٹ حاصل کرلیتا ہے اور فراغت کے بعد ملک وبیرون ملک یونیورسٹیوں جیسے جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی، مسلم یونیورسٹی علی گڑھ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد، بنارس ہندو یونیورسٹی وغیرہ میں مختلف کورسیز میں داخلہ کا اہل ہوتا ہے، بیرون ملک کی ممتاز دانشگاہوں جیسے جامعہ اسلامیہ مدینہ یونیورسٹی، جامعۃ الملک سعود ریاض، سعودی عرب میں اگر چاہے تو داخلہ لے کر مزید تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ دراصل عظیم روحانی شخصیت حضرت مولانا شاہ محمد ہدایت علی نقشبندی مجددیؒ کے خوابوں کی حسین تعبیر ہے جسے ان کے سچے جانشین اور میرے والد ماجد عارف باللہ حضرت مولانا شاہ محمدعبدالرحیم نقشبندی مجددیؒ نے قائم فرمایا اور مفکراسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندویؒ کے دست مبارک سے 1976ء میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز