قومی خبریں

کلکتہ ہائی کورٹ کا فیصلہ، بچے کے برتھ سرٹیفکیٹ پر حیاتیاتی باپ کی جگہ سوتیلے باپ کا نام درج کرنے کی ہدایت

عدالت نے متعلقہ بلدیاتی ادارے کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچے کے برتھ سرٹیفکیٹ پر حیاتیاتی باپ کا نام ہٹا کر سوتیلے باپ کا نام درج کر کے اسے نئے سرے سے جاری کرے

کلکتہ ہائی کورٹ / تصویر آئی اے این ایس
کلکتہ ہائی کورٹ / تصویر آئی اے این ایس 

کولکاتا: کلکتہ ہائی کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ایک بچے کے برتھ سرٹیفکیٹ میں باپ کا نام تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ میونسپلٹی (بلدیاتی ادارہ) کو ہدایت کی ہے کہ وہ حیاتیاتی باپ کا نام ہٹا کر سوتیلے باپ کے نام کے ساتھ نئے سرے سے برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرے۔

Published: undefined

رپورٹ کے مطابق جسٹس امرتا سنہا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ معاشرتی تبدیلیوں کے ساتھ قانون میں بھی لچک پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ قانون کا استعمال عوام کے مفاد میں ہونا چاہیے۔ جو معاملات عمومی زندگی سے متعلق نہیں ہیں، وہاں قانونی پیچیدگیوں کو کم سے کم کرنا چاہیے۔

Published: undefined

بنگال کے نادیہ ضلع کے نودیپ میں ایک خاتون نے متعلقہ میونسپلٹی سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ سے اس کے حیاتیاتی والد کا نام ہٹا کر اس کے سوتیلے باپ کا نام شامل کرے، جس پر میونسپلٹی نے برتھ سرٹیفکیٹ سے متعلق قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بار پیدائش کا سرٹیفکیٹ والد کے نام کے ساتھ جاری ہو جائے تو اس میں کوئی ترمیم نہیں کی جا سکتی۔ خاتون نے اس کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

Published: undefined

خاتون نے جس شخص کے ساتھ 2021 میں شادی کی تھی، اس کے ساتھ ان کا ایک بیٹا ہے۔ بعد ازاں دونوں کی طلاق کے بعد خاتون نے دوسری شادی کر لی۔ موجودہ شوہر نے ان کے بیٹے کو گود لے لیا ہے اور وہ اسے اپنا نام دینے کو تیار ہیں، جس کے بعد خاتون نے بلدیاتی ادارے میں درخواست پیش کی۔ جسٹس سنہا نے اپنے مشاہدہ میں کہا کہ بچہ موجودہ عمر میں اپنے حیاتیاتی اور سوتیلے باپ میں فرق نہیں سمجھ پائے گا۔ وہ اپنے سوتیلے باپ کو ہی اپنا حیاتیاتی باپ سمجھ کر بڑا ہوگا۔

Published: undefined

بعد میں جب وہ اپنے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں اپنے والد کے بجائے کسی اور کا نام دیکھے گا، تو یہ بہت سی پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے اور اپنے سوتیلے باپ کے ساتھ اس کا رشتہ بھی خراب ہو سکتا ہے۔ تاہم جج نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر پیدائشی سرٹیفکیٹ سے حیاتیاتی باپ کا نام ہٹا دیا جائے تو بھی بیٹے کا اس کی جائیداد پر حق ختم نہیں ہوگا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined