بھائی آنند کمار پر انکم ٹیکس کی کارروائی کے بعد بی ایس پی سپریمو مایاوتی کا غصہ ساتویں آسمان پر ہے اور وہ اس کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہیں۔ مایاوتی نے آج بی جے پی پر اقتدار کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ مایاوتی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران دو ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی بے نامی جائیداد بی جے پی کے کھاتوں میں آئی اور اسی سے غریبوں کے ووٹ خریدے گئے۔
Published: undefined
بی ایس پی سپریموں نے اس کے علاوہ کہا کہ مرکزی حکومت ریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے اور وہ سرکاری نوکریوں میں دلتوں کی حصہ داری کم کرنے کی سازش رچ رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ اس مرتبہ مرکزی حکومت محروموں اور غریبوں کو زیادہ طاقت سے دبا رہی ہے۔ مایاوتی نے کہا ’’انتخابات کے دوران بی جے پی کے کھاتوں میں دو ہزار کروڑ آئے لیکن آج تک خلاصہ نہیں ہوا کہ وہ پیسے کس نے دیئے، کیا یہ بےنامی جائیداد نہیں ہے؟ بی جے پی نے انتخابات میں ووٹ خریدے ہیں۔ اربوں کی جائیداد بی جے پی نے اپنے دور اقتدار میں خریدی ہے۔ ہم پر انگلی اٹھانے سے پہلے بی جے پی کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ اگر خود کو ہریش چندر مانتے ہیں تو پھر وہ اپنی جانچ کرا لیں اور دیکھ لیں کہ ان کے خاندان کے پاس سیاست میں آنے سے پہلے کتنی جائیداد تھی اور اب کتنی ہے۔
Published: undefined
بی ایس پی سپریمو نے اپنے حامیوں سے کہا کہ ’’جب بی جے پی نے بہن جی (مایاوتی)کو نہیں چھوڑا تو باقی غریبوں کو کیا چھوڑے گی۔ یہ حکومت محروم اور غریب طبقہ کو دبا رہی ہے اور ریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے۔ میں بی جے پی اور آ ر ایس ایس کو کھلی چنوتی دیتی ہوں اور ان کو بتا دینا چاہتی ہوں کہ بی ایس پی بالکل ڈرنے والی نہیں ہے‘‘۔
Published: undefined
واضح رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے مایاوتی کے بھائی آنند کمار کی کمپنی کے چار سو کروڑ روپے کا سات ایکڑ کا پلاٹ ضبط کر لیا ہے اور یہ کارروائی بے نامی ملکیت سے متعلق قانون کے تحت کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ جس رقم سے یہ پلاٹ خریدا گیا ہے وہ کمائی فرضی کمپنیوں کے ذریعہ کی گئی ہے اور یہ پلاٹ نوئیڈا کے سیکٹر 94 میں واقع ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز