قومی خبریں

سرینگر اور شوپیان میں گرینیڈ دھماکوں سے سنسنی، جیش محمد نے قبول کی ذمہ داری

وادی کشمیر میں دو مختلف مقامات پر گرینیڈ دھماکے ہوئے تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملی ٹینٹ تنظیم ’جیش محمد‘ نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سرینگر: وادی کشمیر میں جمعہ کے روز دو مختلف مقامات سرینگر میں تاریخی لال چوک کے گھنٹہ گھر اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں گرینیڈ دھماکے ہوئے تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ملی ٹینٹ تنظیم ’جیش محمد‘ نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ’دو مختلف مقامات سری نگر اور شوپیان میں گرینیڈ دھماکے ہوئے۔ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہے۔ ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘

Published: undefined

تصویر یو این آئی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے جمعہ کو دوپہر قریب پونے دو بجے شہر سری نگر کے قلب تاریخی لال چوک میں واقع گھنٹہ گھر کے نزدیک قائم سی آر پی ایف بنکر کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا۔ گرینیڈ نشانہ چوک کر سڑک پر گرنے کے ساتھ ہی زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ اس کے نتیجے میں اس مصروف ترین تجارتی مرکز میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہوئی اور لوگ اِدھر اُدھر بھاگتے ہوئے نظر آئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے ایک نجی گاڑی کو نقصان پہنچا اور چند دوکانوں کے شیشے چکنا چور ہوئے۔ تاہم اس میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Published: undefined

تصویر یو این آئی

واضح رہے کہ اس واقعہ سے محض ایک روز قبل یعنی جمعرات کو سری نگر کے راجباغ علاقہ میں زیرو برج کے نذدیک گرینیڈ دھماکہ ہوا جس میں ریاستی پولیس کے تین اہلکار زخمی ہوئے ۔ 'جیش محمد' نے اس گرینیڈ دھماکے کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے گگرن نامی گاؤں میں بھی گرینیڈ دھماکہ ہوا ہے، اس میں بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Published: undefined

تصویر یو این آئی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے شوپیان کے گگرن نامی گاؤں میں ریاستی پولیس کے ایس او جی کیمپ کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا۔ گرینیڈ زمین پر گرنے کے ساتھ ہی زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ تاہم اس میں بھی کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اس دوران پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سری نگر اور شوپیاں میں دو گرنیڈ حملوں کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد پولیس کے سینئر آفیسران جائے وقوع پر پہنچ گئے اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی۔

بیان میں کہا گیا ’دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ ان حملوں میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ کن حالات میں یہ دونوں واقعات پیش آئے اس سلسلے میں مقامی پولیس آفیسران کام میں جُٹ گئے ہیں تاکہ ملوثین تک پہنچ کر اُن کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ’اگر ان حملوں کے بارے میں کسی کو کوئی جانکاری ہو جسے تحقیقات میں مدد مل سکے تو وہ فوری طورپر پولیس کے ساتھ رابط قائم کریں۔‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined