قومی خبریں

ای وی ایم نے بی جے پی کو جیت دلائی : سنجے نروپم

’’جب پورا گجرات بی جے پی کے خلاف تھا، وزیر اعظم کے انتخابی جلسوں میں کرسیاں خالی نظر آتی تھیں تو پھر یہ جیت گجرات کے عوام نے نہیں دلائی بلکہ یہ ای وی ایم نے دلائی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا کانگریس لیڈر سنجے نروپم

گجرات اور ہماچل پردیش میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد ایک مرتبہ پھر ای وی ایم پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ کانگریس کے رہنما سنجے نروپم نے کہا کہ گجرات میں جو نتائج آئے ہیں ان میں گجراتی عوام کا کوئی دخل نہیں ہے کیونکہ یہ فیصلہ عوام کا نہیں بلکہ ای وی ایم کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’جب پورا گجرات بی جے پی کے خلاف تھا، وزیر اعظم کے انتخابی جلسوں میں کرسیاں خالی نظر آتی تھیں تو پھر یہ جیت گجرات کے عوام نے نہیں دلائی بلکہ یہ ای وی ایم نے دلائی ہے۔ ہمیں پہلے سے یہ شک تھا۔ تمام لوگ ہوشیار ہو جائیں کیونکہ یہ ہندوستانی جمہوریت کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے‘‘۔

Published: undefined

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب ای وی ایم پر سوال اٹھائے گئے ہوں۔ اس سے پہلے کئی ریاستوں میں ای وی ایم پر سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ ابھی حال ہی میں اتر پردیش کے بلدیاتی انتخابات میں بھی یہ سوال کھڑا ہوا تھا کہ جہاں پر ای وی ایم سے انتخابات ہوئے تھے وہاں کے نتائج بی جے پی کے حق میں گئے تھے اور جہاں پر ای وی ایم سے چناؤ نہیں ہوئے تھے وہاں کے نتائج بی جے پی کے خلاف گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ای وی ایم میں خامیاں ہیں اور اس میں چھیڑ چھاڑ ممکن ہے تو پھر دہلی، بہار اور پنجاب میں بی جے پی کیسے ہار گئی۔واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج نے کچھ ماہ پہلے دہلی اسمبلی میں یہ دکھایا تھا کہ کس طرح ای وی ایم میں چھیڑ خانی کی جا سکتی ہے۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ای وی ایم میں کوئی چھیڑ خانی نہیں کی جا سکتی اور اس میں کوئی ٹیمپرنگ ممکن نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined