مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب سے قبل سیاسی ماحول گرم ہونے کے ساتھ ساتھ دلچسپ بھی ہو گیا ہے۔ ایک طرف جہاں ترنمول کانگریس کے کئی اہم لیڈران نے بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے، وہیں آج ایک بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سومترا خان کی بیوی سجاتا نے بی جے پی سے رشتہ توڑ کر ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سے بھی بڑی خبر یہ ہے کہ سومترا خان اپنی بیوی کے اس قدم سے ناراض ہو کر جلد انھیں طلاق کا نوٹس بھیجنے والے ہیں۔
Published: undefined
آج جیسے ہی یہ خبر پھیلی کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ سومترا خان کی بیوی سجاتا منڈل نے ترنمول کانگریس کی رکنیت حاصل کر لی ہے، ویسے ہی سیاسی ہلچل اچانک تیز ہو گئی۔ بی جے پی لیڈران سجاتا منڈل کے اس فیصلے سے جہاں حیران نظر آئے، وہیں سجاتا نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’میں ایک ’تپشیل ٹرائب‘ سے آنے والی دلت خاتون ہوں۔ میں نے بی جے پی اور اپنے شوہر کے لیے لڑائی لڑی تھی۔ ہمیں ٹکٹ ملا اور لوک سبھا میں جیت حاصل کی۔ مجھے لگتا ہے کہ بی جے پی میں اب صرف موقع پرستوں کو جگہ مل رہی ہے۔‘‘
Published: undefined
سجاتا منڈل نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ہم پارٹی کے لیے اس وقت کھڑے تھے جب ہمیں پتہ بھی نہیں تھا کہ وہ 2 سے 18 سیٹوں تک پہنچ پائیں گے یا نہیں۔ نہ کوئی سیکورٹی تھی اور نہ ہی کوئی بیک اَپ۔ ہم عوام کی حمایت سے لڑے اور جیتے۔ مجھے اب بھی لگتا ہے کہ میں ایک لڑائی لڑ رہی ہوں، لیکن میرے لیے بی جے پی میں کوئی عزت نہیں تھی۔‘‘
Published: undefined
جب سجاتا منڈل سے شبھیندو ادھیکاری کے بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’مجھے سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ داغیوں کو صاف کرنے کے لیے کس طرح کے صابن کا (بی جے پی میں) استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم نے پارٹی کے لیے لڑائی لڑی، یہ سوچ کہ یہ میری زندگی کا آخری دن ہو سکتا ہے۔ اب ہم ممتا بنرجی کی قیادت میں لڑیں گے۔‘‘ بی جے پی پر طنزیہ حملہ کرتے ہوئے سجاتا نے مزید کہا کہ ’’مغربی بنگال میں اس وقت بی جے پی میں وزیر اعلیٰ عہدہ کے 6 دعویدار اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کے 13 دعویدار ہیں۔ نریندر مودی پی ایم ہیں اور وہ پی ایم ہی رہیں گے۔ وہ سی ایم امیدوار نہیں ہیں۔ جب ہم ان سے (بی جے پی) قیادت کے بارے میں پوچھتے ہیں تو کوئی جواب نہیں ملتا ہے۔‘‘
Published: undefined
اس درمیان ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق سجاتا منڈل کے شوہر سومترا خان نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے جلد ہی انھیں طلاق کا نوٹس بھیجنے کی بات کہی ہے۔ سجاتا کے گھر کی سیکورٹی میں تعینات جوانوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سومتر خان اور سجاتا کے درمیان کئی دنوں سے رسہ کشی چل رہی تھی۔ پردے کے پیچھے چل رہی لڑائی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ سومترا خان کا کہنا ہے کہ ’’یہ سچ ہے کہ فیملی میں اختلافات تھے، ہم فیملی ہیں، لڑائی ہو سکتی ہے، لیکن اسے سیاسی شکل دینا مناسب نہیں ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ سجاتا اپنی سیاسی خواہشات حاصل کرنے کے لیے ترنمول کانگریس سے جڑ گئی۔‘‘
Published: undefined
سومترا خان بیوی سجاتا کے ذریعہ ترنمول کا دامن تھامے جانے پر جذباتی بھی نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آپ نے (سجاتا نے) اچھا فیصلہ لیا ہوگا، لیکن پارٹی اہم ہے اور مودی ہماری جیت کے لیے ذمہ دار ہیں۔ یوتھ مورچہ کو ہماری ضرورت ہے۔ بی جے پی کوئی خاندانی پارٹی نہیں ہے۔ آپ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی بیوی کی شکل میں معزز تھیں۔ آپ نے مجھے ووٹ دلوائے ہیں اور میری جیت کا حصہ ہیں۔ ترنمول کانگریس فیملی کو توڑ سکتی ہے، لیکن میں اب اسے (سجاتا) اپنے نام اور ٹائٹل سے آزاد کرتا ہوں۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined