نئی دہلی: کانگریس نے پارلیمنٹ احاطہ میں موجود مہاتما گاندھی، چھترپتی شیواجی مہاراج اور بابا صاحب امبیڈکر کے مجسموں کو اس کے مخصوص مقامات سے ہٹائے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس معاملے میں کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا کہ ’’مودی حکومت لوک سبھا انتخاب میں ملی اپنی شکست کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے، اس لیے روزانہ نئے شگوفے ڈھونڈ کر کسی طریقے سے آئین اور جمہوریت کے ستونوں کو توڑنے میں مصروف ہے۔‘‘
Published: undefined
یہ بیان پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ انتخاب کے درمیان نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’گاندھی‘ فلم آنے سے پہلے مہاتما گاندھی کو کوئی نہیں جانتا تھا۔ جب عوام نے انتخابی نتائج کے ذریعہ اس کا جواب دیا تو غصہ نکالنے کے لیے انھوں نے گاندھی جی کے مجسمہ کو ہٹا دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے انتخابات میں آئین کو بچانے کی مہم شروع کی تو اس کا غصہ نکالنے کے لیے امبیڈکر جی کے مجسسمہ کو کہیں پیچھے دھکیل دیا۔ پھر جب مہاراشٹر کی عوام نے انتخابات میں زوردار جواب دیا تو بدلہ لینے کے لیے شیواجی مہاراج جی کے مسجمہ کو بھی ہٹا دیا۔
Published: undefined
پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ چونکہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ ان مجسموں کے سامنے حکومت کی غلط پالیسیوں کے تئیں احتجاجی مظاہرہ کرتے تھے، اس لیے حکومت نے ان مجسموں کو ہی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ کھیڑا نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ احاطہ میں اس کی باوقار تاریخ کو سنجونے کے لیے دو کمیٹیاں ہیں۔ کیا ان دونوں کمیٹیوں سے مجسموں کو ہٹانے کے بارے میں کوئی مشورہ لیا گیا تھا۔ حیرانی کی بات ہے کہ ان میں سے ایک کمیٹی کی آخری میٹنگ 18 دسمبر 2018 میں ہوئی تھی۔ جب کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے یہ ایشو اٹھایا تو لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے منمانا بیان جاری کیا گیا کہ سیاسی پارٹیوں سے بات ہوئی تھی، جبکہ کسی سیاسی پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ایسے میں مودی حکومت ملک کی عوام کو وضاحت دے کہ عظیم ہستیوں کے مجسمے کو ہٹانے کے پیچھے منشا کیا ہے۔
Published: undefined
کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ این ڈی اے لفظ یاد کرنے پر بھی حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ مودی نے گزشتہ دس سالوں میں این ڈی اے لفظ کا اتنی بار تذکرہ نہیں کیا، جتنا انھوں نے آج اپنی ایک گھنٹے کی تقریر میں کیا۔ نریندر مودی گزشتہ دس سال میں صرف ’مودی کی گارنٹی‘ کہتے تھے، اب وہ ’این ڈی اے کی گارنٹی‘ کہہ رہے ہیں۔ این ڈی اے کا فل فارم اب نائیڈو/نتیش ڈپینڈنٹ الائنس (نائیڈو/نتیش پر منحصر اتحاد) ہو گیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined