وزیر داخلہ امت شاہ، انوراگ ٹھاکر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما دہلی اسمبلی انتخابات جیتنے کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں اور اب اس کے لئے وہ شاہین باغ کے نام پر دہلی میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ پہلے امت شاہ کا بیان کہ بٹن بابرپور(اسمبلی حلقہ کا نام) میں دباؤ اور اس کا کرنٹ شاہین باغ تک پہنچنا چاہیے، پھر انوراگ ٹھاکر کا نعرہ ’دیش کے غداروں کو، گولی مارو... کو‘ اور اب دہلی کے رکن پارلیمنٹ اور دہلی کےسابق وزیر اعلی صاحب سنگھ ورما (مرحوم) کے بیٹے پرویش ورما نے کہا ہے کہ دہلی میں بی جے پی کی سرکار بنتے ہی شاہین باغ کے مظاہرین کو ایک گھنٹے میں ہٹوا دیں گے۔
Published: undefined
پرویش ورما نے وکاس پوری اسمبلی حلقہ کے رنہولا گاؤں میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ واضح رہے جنوبی دہلی کے شاہین باغ علاقہ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف خواتین مظاہرہ کر رہی ہیں اور ان کو مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ماہ سے زیادہ ہو گیا ہے۔ اس مظاہرہ کے تعلق سے ہی وزیر داخلہ امت شاہ نے بیان دیا اور اسی کے تعلق سے پرویش ورما نے کہا ’’ایک بات نوٹ کر کے رکھ لینا۔ یہ چناؤ کوئی چھوٹا موٹا چناؤ نہیں ہے۔ یہ ملک کی عزت اور اتحاد کا چناؤ ہے۔ اگر 11 فروری کو بی جے پی کو اکثریت حاصل ہو گئی تو ایک گھنٹے کے اندر شاہین باغ میں کوئی بھی مظاہرین نہیں رہے گا، شاہین باغ کا مظاہرہ ختم ہو جائے گا، وہاں ایک آدمی دکھائی نہیں دے گا، ایک سنگل آدمی بھی نہیں دکھائی دے گا۔‘‘ انہوں نے شاہین باغ کے پر امن مظاہرین کے خلاف نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے۔
Published: undefined
پرویش ورما نے مزید کہا کہ ’’وہاں (شاہین باغ) پر لاکھوں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ دہلی کے عوام کو سوچنا پڑے گا اور فیصلہ لینا پڑے گا۔ وہ آپ کے گھروں میں گھس جائیں گے، آپ کی بہن، بیٹیوں کی عزت لوٹیں گے، قتل کریں گے۔ آج وقت ہے، مودی جی اور امت شاہ جی کل آپ کو بچانے نہیں آئیں گے۔‘‘ بی جے پی کے ہر رکن کی کوشش ہے کہ دہلی کے عوام گرتی معیشت، بے روزگاری اور امن و امان کی صورتحال پر بات نہ کریں، بلکہ ان کو ہندو مسلم میں الجھا کر رکھا جائے۔
Published: undefined
مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت میں پرویش ورما یہیں نہیں رکے بلکہ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’’میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اگر دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو میں حکومت بننے کے ایک ماہ کے اندر اپنے پارلیمانی حلقہ میں سرکاری زمین پر بنی ایک بھی مسجد نہیں رہنے دوں گا، ساری مساجد ہٹا دوں گا۔ ہم ملک کو کیا بناتے جا رہے ہیں؟‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined