قومی خبریں

ہم بھگوان رام نہیں کہ ساتھ کھانے سے دلت پاک ہو جائیں: اوما بھارتی

بی جے پی کی شعلہ بیان رہنما ڈر اور مرکزی وزیر اوما بھارتی نے دلتوں کے ساتھ کھانے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ ’’ہم بھگوان رام نہیں ہیں کہ دلتوں کے ساتھ کھائیں اور وہ پاک ہو جائیں‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا مرکزی وزیر اوما بھارتی

اتر پردیش میں دلتوں کے ساتھ کھانا کھانے اور وقت گزارنے سے متعلق بی جے پی نے جو سلسلہ شروع کیا ہے، وہ روزانہ کسی نہ کسی وجہ سے موضوعِ بحث بن رہا ہے۔ کبھی بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ دلتوں کے گھر باہر سے کھانا منگا کر کھانے کی بات سامنے آ رہی ہے تو کبھی دلتوں کے گھر پہنچنے سے پہلے وہاں کی خوب صفائی کرنے کا معاملہ سننے کو مل رہا ہے۔ لیکن اوما بھارتی نے تو ایک تقریب کے دوران دلتوں کے ساتھ کھانے سے انکار کر کے سب کو حیران کر دیا۔ مرکزی وزیر اوما بھارتی نے سماجی برابری کے مدنظر منعقد ایک بھوج میں یہ کہتے ہوئے کھانے سے انکار کر دیا کہ ’’ہم بھگوان رام نہیں ہیں کہ دلتوں کے ساتھ کھانا کھائیں گے تو وہ پاک ہو جائیں گے۔‘‘ ان کے اس بیان سے صاف پتہ چلتا ہے کہ وہ دلتوں کو ناپاک تصور کرتی ہیں۔

Published: undefined

ویسے تو بی جے پی لیڈروں نے دلتوں کو ہمیشہ خود سے الگ تھلگ ہی رکھا ہے لیکن گزشتہ کچھ مہینے سے دلتوں نے جس طرح بی جے پی حکمراں ریاستوں میں ان کے خلاف تحریک چلا رکھی ہے اس سے پریشان پارٹی صدر امت شاہ نے دلتوں کے گھر جا کر خود کھانا کھایا اور پارٹی لیڈروں کو ترغیب دی۔ اس کو دیکھتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تو ’راتری چوپال‘ میں دلتوں کے گھر شب گزاری کرنے اور کھانے کا بھی سلسلہ شروع کیا لیکن مختلف ذرائع سے خبریں آتی رہیں کہ وہ اور ان کے لیڈران دلتوں کے گھر کھانے کا صرف ڈرامہ کر رہے ہیں۔ کابینہ وزیر سریش رانا وغیرہ نے تو برسرعام باہر سے کھانا اور برتن منگوا کر دلتوں کے یہاں کھایا۔ اب جب کہ اوما بھارتی نے ایک اہم تقریب کے دوران واضح لفظوں میں دلتوں کے ساتھ کھانے سے انکار کر دیا ہے تو اُن کی سوچ کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

معاملہ چھتر پور کے نوگاؤں واقع دَدری گاؤں کا ہے جہاں اوما بھارتی سنت روی داس کے مندر میں منعقد تقریب میں شامل ہونے کے لیے پہنچی تھیں۔ یہاں مذہبی تقریب کے ساتھ ساتھ سماجی برابری سے متعلق دعوتی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جہاں اوما بھارتی کو بھی کھانا تھا۔ اوما بھارتی کے ساتھ کھانے کے لیے کئی دلت بھی تقریب میں پہنچے تھے لیکن اوما بھارتی کے بیان سے وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ اب اس تقریب کو منعقد کرنے والے اوما بھارتی کے ذریعہ دلتوں کے ساتھ نہ کھانے سے متعلق کچھ بھی بولنے سے انکار کر رہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined