قومی خبریں

میرٹھ کو آگ میں جھونکنے کی سازش

’’اگر آپ چاہتے ہیں کہ شہر میں امن رہے تو جتنے بھی مسلمان ہیں ان کو پکڑو، ورنہ میری کوئی گارنٹی نہیں کہ کل کیا ہوگا‘‘۔ بی جے پی رہنما کمل دت شرما

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب 

میرٹھ: امن و امان کی صورت حال درہم برہم کرنے کی خواہش رکھنے والے رہنما کس طرح کسی مجرمانہ واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر پیش کرتے ہیں اور اس کی آڑ میں کس طرح اپنی سیاست کرتے ہیں یہ میرٹھ کے ایک واقعہ سے سمجھا جا سکتا ہے۔ یہاں بی جے پی کے شہر سکریٹری اور سابق ریاستی صدر لکشمی کانت واجپئی کے نزدیکی کمل دت شرما نے ایک واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر پیش کیا، جس کے بعد میرٹھ کا ماحول خراب ہو گیا۔

کمل دت شرما کا کھلے عام فساد کرانے کی دھمکی دینے والا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے۔ بی جے پی کے شہر سکریٹری کمل دت شرما اس سے پہلے بھی افسروں کو ان کے دفتر میں جا کر دھمکاتے رہے ہیں ، لیکن پولس انہیں کبھی سخت پیغام نہیں دے پائی۔

Published: undefined

فی الحال کا واقعہ 27 فروری کا ہے اس دن طلباء کے دو دھڑوں میں مارپیٹ ہو گئی جس کا بدلا لینے کے لئے شہر کے زیر بحث ہسٹری شیٹر حاجی گلّا کا بیٹا شاداب عرف دانش اپنے ساتھیوں موہت چودھری اور نیشو کے ساتھ جلی کوٹھ پٹیل نگر میں ارمان کی موبائل کی دکان پر پہنچ گیا۔ وہاں دونوں کے درمیاں جھگڑا ہو گیا اور چشم دیدوں کے مطابق شاداب نے گولی چلائی جو ارمان کو تو نہیں لگی ، لیکن ادھر سے گزر رہے ایک راہ گیر کو جا لگی۔ گولی لگنے کے ساتھ ہی شور برپا ہوگیا کہ شاداب نے ایک بے گناہ کو گولی مار دی۔ زخمی کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے بچایانہ جاسکا ۔مہلوک کی شناخت اجے عرف رنکو کے طور پر ہوئی ۔ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا مسلم اکثریتی علاقہ ہے اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کے لئے یہ افواہ پھیلا دی گئی کہ مسلمانوں نے ایک ہندو نوجوان کو اپنے علاقہ میں گھیر کر مار دیا۔ پولس نے شاداب کو گرفتار کر لیا ہے۔

Published: undefined

اس کے بعد بی جے پی کے رہنما فعال ہو گئے اور کمل دت شرما کی قیادت میں سینکڑوں نوجوانوں نے بے حد حساس سمجھے جانے والے گھنٹہ گھر علاقہ میں ہنگامہ آرائی کی۔ موقع پر کمل دت شرما نے سر عام پولس افسران کو شہر میں ہنگامہ کرانے کی دھمکی دے ڈالی۔ شہر کا ماحول کشیدہ ہو جانے کی وجہ سے موقع پر پہنچی ایس ایس پی منجل سینی نے رات بھر وہیں کیمپ کیا۔ رات میں ہی یوا سیوا سمیتی کے صدر بدر علی نے ایس ایس پی سے ملاقات کی اور کمل دت کے خلاف تحریر دی۔ اس سے پہلے کمل دت کا ایس پی سٹی کو ان کے دفتر میں داخل ہونے کا ویڈیو وائرل ہو چکا ہے۔

میرٹھ کے نفیس احمد کے مطابق ’’کمل دت شرما بی جے پی کے بڑے رہنماؤں کے اشارے پر ایسا کر رہے ہیں ، اپنے دم پر ایسا کرنے کی ان کی ہمت نہیں ۔ ‘‘ وہ کہتے ہیں شاید میرٹھ کو آگ میں جھونکنے کی سازش ہو رہی ہے۔

میرٹھ کی ایس ایس پی منجل سینی کے مطابق ’’ویڈیو کی جانچ ہو رہی ہے اور ہم سخت کارروائی کریں گے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined