سبل گڑھ، (مرینا): مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ نے کسانوں کے قرض معاف کرنے کے سلسلے میں بی جے پی لیڈروں پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 21 لاکھ کسانوں کے نام ظاہر ہونے کے بعد ان لیڈروں سے جواب دیتے نہیں بن رہا ہے۔
کمل ناتھ نے مرینا پارلیمانی حلقہ کے سبل گڑھ میں کانگریس امیدوار رام نواس راوت کی حمایت میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 75 دنوں میں ہی 21 لاکھ کسانوں کے قرض معاف کئے۔ اس کے بعد الیکشن کا ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے کام بند ہو گیا تھا، لیکن ختم ہونے کے ساتھ ہی قرض معافی کا کام پھر سے شروع ہو رہا ہے۔
Published: undefined
اس کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان بھی قرض معاف نہ ہونے کی بات کرتے ہوئے لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے۔ ابھی پتہ چلا ہے کہ چوہان کے گاؤں جیت میں بھی کسانوں کے قرض معاف ہوئے ہیں۔ چوہان کے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کے بھی قرض معاف ہوئے ہیں۔ اگر چوہان میں ہمت ہے تو وہ اس کی تردید کر کے دکھائیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دراصل بی جے پی لیڈروں کوجھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ اب انہیں سمجھ جانا چاہیے کہ عوام ان کی باتوں میں آنے والے نہیں ہیں۔
دریں اثنا مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کے ذریعہ ان کے بھائیوں کی طرف سے قرض معافی کی درخواست نہیں دیئے جانے کے دعوے کے بعد وزیر زراعت سچن یادو نے اس سے متعلق درخواستیں عام کرتے ہوئے کہا کہ اب کون سا جھوٹ بولنا باقی رہ گیا ہے۔
چوہان نے صبح دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ان کے بھائی روہت سنگھ نے قرض معافی کی درخواست دی ہی نہیں تھی اس کے باوجود ان کے بھائی کا قرض معاف کرکے کانگریس ان کے کنبہ پر احسان کیوں کر رہی ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد وزیر یادو نے اس سے وابستہ درخواست ٹوئٹر پر عام کرتے ہوئے کہا کہ چوہان کو اب بھی کچھ جھوٹ بولنا باقی ہے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہان نے صبح جھوٹ بول کر گمراہ کیا کہ ان کے بھائی کے قرض معافی کے لئے فارم ہی نہیں بھرا۔ اگر فارم نہیں بھرا تو پھر یہ کیا ہے۔ انہوں نے چوہان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے ماں نرمدا میں کھڑے ہوکر سچ نہیں بولنے کی قسم کھائی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined