قومی خبریں

امت مالویہ کے دفاع میں بی جے پی کا وفد الیکشن کمیشن پہنچا

کرناٹک انتخابات کی خبریں لیک ہونے کی الیکشن کمیشن نے تحقیقات کرانے کی بات کہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: الیکشن کمیشن کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کی خبر لیک ہونے کی تحقیقات کرائے گا اور اس سلسلہ میں قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنا بی جے پی رہنماؤں کا ایک وفد امت مالویہ کے دفاع میں موقف رکھنے الیکشن کمیشن پہنچا۔

چیف الیکشن کمشنراوپی راوت جب 11 بجے کرناٹک اسمبلی انتخابات کا اعلان کرنے کے لئے صحافیوں کے سامنے آئے تو انہوں نے سب سے پہلے الیکشن کے بارے میں ابتدائی تفصیلات بتائیں۔ پریس کے نمائندے کانفرنس ہال میں انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا ابھی انتظارکر ہی رہے تھے کہ ان کے موبائلوں پرانتخابات کی تاریخیں آنے لگیں۔ تب کچھ صحافیوں نے پریس کانفرنس کے درمیان ہی راوت سے یہ سوال کیا کہ ابھی آپ نے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان بھی نہیں کیا ہے تو یہ خبر کیسے لیک ہو گئی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کا آئی ٹی سیل کس طرح ان تاریخوں کی معلومات سوشل میڈیا پر دے رہا ہے۔ تب راوت نے کہا کہ وہ بھی اس بات کا پتہ لگائیں گے کہ سوشل میڈیا پر الیکشن کی جو تاریخیں بتائی جا رہی ہیں کیا وہی تاریخیں ہیں جس کا وہ اب اعلان کرنے والے ہیں۔ اس کے بعد ہی اس معاملہ میں کوئی کارروائی کی جائے گی۔

تھوڑی دیر بعد راوت نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نوٹیفکیشن کی تاریخ 17 اپریل بتائی اور ووٹنگ کی تاریخ 12 بتائی تب سارے صحافیوں نے ایک لہجے میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کمیشن کے اعلان سے پہلے ہی انتخابات کی تاریخیں لیک ہو گئیں، یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔ کیا کمیشن اس معاملہ میں کوئی کارروائی کرے گا۔ راوت نے کہا کہ وہ اس معاملہ کی جانچ كرائیں گے اور جو بھی قانونی اور انتظامی کارروائی ممکن ہوگی وہ سخت سے سخت طریقے سے کی جائے گی۔

انتخابات کی خبریں لیک ہونے سے پریس کانفرنس میں سنسنی پھیل گئی اور سارے صحافی اس بات پر حیرت کرنے لگے کہ آخر الیکشن کمیشن کے اعلان سے پہلے یہ خبر کس طرح لیک ہو گئی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن کے افسر اس سلسلے میں کچھ خاص بتانے سے گریز کرنے لگے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Published: 27 Mar 2018, 3:19 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 27 Mar 2018, 3:19 PM IST