قومی خبریں

بی جے پی کو آئین میں تبدیلی نہیں کرنے دیں گے: راہل گاندھی

ڈاکٹربی آرامبیڈکرنے آئین کے لئے انتھک لڑائی لڑی اور یہ بدلنا چاہتے ہيں۔ ہم انہیں آگاہ کرتے ہیں کہ ہم ایسا ہونے نہيں دیں گے۔ خواہ، وہ جتنی کوشش کرلیں، ہم انہيں آئین میں کسی تبدیلی کی اجازت نہيں دیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا کانگریس صدر راہل گاندھی

چماراجانگر : آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس مرکز میں بی جے پی کی زیر اقتدار قومی جمہوری محاذ (این ڈی اے) حکومت کو اپنے مفادات کے موافق آئين میں تبدیلی کرنے کی اجازت نہيں دے گی۔

مئی میں ہونے والے کرناٹک اسمبلی الیکشن سے قبل آج یہاں ’ جنادیش ریلی‘سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ’’انہوں (بی جے پی) نے ملک کے آئین پر حملے کا نیا طریقہ شروع کیا ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے اسی آئین کے لئے انتھک لڑائی لڑی اور یہ اسے بدلنا چاہتے ہيں۔ ہم انہیں آگاہ کرتے ہیں کہ ہم ایسا ہونے نہيں دیں گے۔ خواہ ، وہ جتنی بھی کوشش کرلیں، ہم انہيں آئین میں کسی تبدیلی کی اجازت نہيں دیں گے‘‘۔

کسانوں کا قرض معاف نہ کرنے کے لئے بی جےپی پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’بی جے پی نے آپ کا پیسہ حاصل کیا اور اسے امیروں کو دے دیا اور انہوں نے سرمایہ داروں کو دیئے گئے 2.5 لاکھ کروڑ کا قرض معاف کردیا، جبکہ غریب کسانوں کا چھوٹا قرض وہ معاف نہيں کررہے ہيں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کرناٹک آتے ہيں اور بدعنوانی کے خلاف بات کرتے ہيں، جبکہ ان کی پارٹی کے سابق وزیر اعلی بی ایس یدیورپا اور ان کے چار سابق ساتھیوں، جو کرپشن کے معاملے میں جیل جاچکے ہيں، نے اسٹیج میں ان کے ساتھ شرکت کی۔

گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کی طرف سے کئے گئے کالادھن کے خاتمے اور سالانہ دو کروڑ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وعدوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اس طرح کی چھوٹی باتیں نہیں کی جانی چاہئے۔ جو بات کہیں اس میں وزن ہونا چاہئے اور اس کی پابندی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میسور میں مہارانی ویمنس کالج کی طالبات کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران طالبات نے ان سے پوچھا کہ ہرسال دو کروڑ روزگار پیدا کرنے کی بات کرکے مسٹر مودی نے جھوٹ کیوں بولا ، جبکہ دوسری طالبہ کا کہنا تھا کہ نوٹ بندی ایک آفت تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس کرناٹک میں وزیر اعلی سدارمیا کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہيں اور اگر آئندہ اسمبلی انتخابات میں حکومت بنانے کے لئے ووٹ ملا تو ریاست میں کانگریس حکومت کی حصولیابیاں دوگنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے‘‘۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined