بہار کی نتیش حکومت شراب بندی کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن بی جے پی لیڈروں کا شراب بندی کے خلاف بیانات کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اب بیگو سرائے سے بی جے پی رکن اسمبلی کندن سنگھ نے کہا ہے کہ بہار میں شراب بندی کی وجہ سے جرائم سے جڑے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ اس سے دو دن قبل بی جے پی کے ایک دیگر رکن اسمبلی ہری بھوشن سنگھ بچول نے پولیس پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے ریاست میں شراب بندی قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ بچول نے تو یہاں تک کہا کہ پابندی سے حکومت کے خزانے کو زبردست نقصان ہو رہا ہے۔
Published: undefined
جمعرات کو بیگوسرائے سے بی جے پی رکن اسمبلی کندن سنگھ نے کہا کہ جہاں ریاستی پولیس شراب کے معاملوں پر نظر رکھے ہوئے ہے، وہیں قتل، اغوا، عصمت دری، چوری اور دیگر جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بہار پولیس جرائم پیشوں پر دھیان نہیں دے رہی ہے۔ انھوں نے شراب برآمد کرنے کے لیے شادی کے مقامات پر چھاپہ ماری کے دوران خاتون پولیس اہلکار کے بغیر دلہن کے کمرے میں پولیس کے داخلے کے واقعہ کو ’افسوسناک‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی اسے درست نہیں ٹھہرا سکتا۔
Published: undefined
کندن سنگھ نے کہا کہ اسکول جانے والے بچے بوریوں میں شراب کی اسمگلنگ کر رہے ہیں۔ وہ ہوم ڈلیوری کر رہے ہیں اور ریاستی حکومت اگلی نسل کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پنچایت الیکشن میں شراب مافیا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہ کھلے عام ووٹروں میں شراب تقسیم کر رہے ہیں۔ وہ انتخاب جیتنے اور زیادہ طاقتور بننے کے لیے غیر قانونی کمائی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ہم کس طرح کا سماج بنا رہے ہیں؟
Published: undefined
غور طلب ہے کہ بہار میں بی جے پی لیڈران کے بیان ایسے وقت میں آ رہے ہیں جب نتیش کمار نے شراب بندی کو سختی سے نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے لیے پولیس کو ہدایت دینے کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے ہر سرکاری اور نجی شعبہ کے ملازمین کے لیے اپنے اپنے محکموں سے مستقبل میں شراب نہ پینے کا حلف نامہ دینا لازمی کر دیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز