قومی خبریں

بہار انتخابات: تیسرے مرحلے کے لئے 78 نشستوں پر پولنگ کا آغاز

بہار میں تیسرے اور آخری مرحلے میں پندرہ اضلاع اور 78 اسمبلی نشستوں کے لئے اور والمیکی نگر لوک سبھا نشست کے ضمنی انتخابات میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ آج صبح 7 بجے سے شروع ہوگئی

ویشالی میں عمر رسیدہ خاتون کی ووٹ دینے میں مدد کرتے اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ کے رضاکار / @CEOBihar
ویشالی میں عمر رسیدہ خاتون کی ووٹ دینے میں مدد کرتے اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ کے رضاکار / @CEOBihar 

پٹنہ: بہار میں تیسرے اور آخری مرحلے میں پندرہ اضلاع اور 78 اسمبلی نشستوں کے لئے اور والمیکی نگر لوک سبھا نشست کے ضمنی انتخابات میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ آج صبح 7 بجے سے شروع ہو گئی۔

ریاستی الیکشن آفس کے مطابق ان 78 اسمبلی نشستوں کے لئے 33782 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی، جو شام چھ بجے تک چلے گی۔ سکیورٹی وجوہات کی بناء پرمغربی چمپارن ضلع میں والمیکی نگر اور رام نگر (محفوظ) اور ضلع سہرسہ کے سمری بختیار پور اور مہیشی اسمبلی حلقوں میں صبح سات بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔ والمیکی نگر پارلیمانی حلقہ کے لئے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ بھی صبح سات بجے شروع ہو گئی۔

Published: undefined

ضلع نالندہ کے ہلسا اسمبلی حلقہ کی تین ووٹنگ سینٹر کی دوبارہ پولنگ بھی ہورہی ہے۔ اس حلقے کے پولنگ بوتھ نمبر 52 ، 52 (الف) اور 55 کی دوبارہ ووٹنگ کرائی جارہی ہے۔ 3 نومبر کو ہلسا میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد بیلٹ باکس کو اسٹور روم میں لے جایا جارہا تھا ، اس دوران حادثے کی وجہ سے تین پولنگ بوتھوں کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پانی میں گر گئی۔ اس کی اطلاع فوری طور پر کمیشن کو دی گئیں۔ اس کے بعد کمیشن نے دوبارہ انتخابات کا حکم دیا۔

Published: undefined

پندرہ اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان صبح سے ہی قطار میں کھڑے ہیں۔ دیہی علاقوں میں جلد ووٹ ڈالنے کے خواہاں رائے دہندگان کی قطاریں لمبی ہوتی جارہی ہیں۔ تمام حلقوں میں پر امن ووٹنگ کے لئے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پیرا ملٹری فورسزکو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گھڑسوار اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی سماج دشمن عناصرکی نگرانی کی جارہی ہے۔ ہنگامی صورتحال کے لئے ہیلی کاپٹر بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔ کورونا مدت میں ملک کے پہلے بڑے انتخابات میں رائے دہندگان اور ووٹنگ کے کارکنوں کو کورونا سے بچانے کیلئے بھی وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سینی ٹائزر ، دستانے اور ماسک کا انتظام کیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے پہلے تمام ووٹرز کی تھرمل اسکیننگ کی جارہی ہے۔

Published: undefined

تیسرے مرحلے میں ، 120 خواتین اور 1094 مرد امیدواروں سمیت 1204 امیدوار 78 اسمبلی نشستوں کے لئے انتخابی میدان میں ہیں۔ آج 33782 پولنگ بوتھوں پر دو کروڑ 35 لاکھ 54 ہزار 71 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے امیدواروں کی تقدیر کا فیصلہ کرکے انہیں ای وی ایم میں قید کردیں گے۔ ان میں ایک کروڑ 23 لاکھ 25 ہزار 780 مرد ، ایک کروڑ 12 لاکھ پانچ ہزار 378 خواتین ، 894 تھرڈ جینڈر اور 22019 سروسز کے ووٹر شامل ہیں۔ سروس ووٹرز میں 21019 مرد اور ایک ہزار خواتین ہیں۔

Published: undefined

گائےگھاٹ اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ 31 امیدوار ہیں جبکہ ڈھاکہ ، تریوینی گنج ، جوکی ہاٹ اور بہادر گنج اسمبلی حلقوں میں سب سے کم یعنی 9 امیدوار مقابلہ میں ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی والمیکی نگر پارلیمانی نشست کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات میں 7 امیدوار میدان میں ہیں اور 2478 پولنگ بوتھوں پر 921133 مرد ، 806609 خواتین اور 95 تیسری صنف سمیت 17 لاکھ 27 ہزار 837 ووٹرز ان امیدواروں کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔

Published: undefined

آج ، جہاں انتخابات ہو رہے ہیں ان میں والمیکی نگر ، رام نگر (محفوظ) ، نرکٹیا گنج ، بگہاہ ، لوریا ، سکٹا ، رکسول ، سگولی ، موتیہاری ، چیریا ، ڈھاکہ ، ریگا ، بتناہا (محفوظ) ، پریہار ، سورسنڈ ، باجپٹی ، ہرلاکھی ، بینی پٹی ، کھجولی ، بابوبرھی ، بسفی ، لوکھا ، نرملی ، پپرا ، سپول ، تریوینی گنج ( محفوظ) ، چھتا پور ، نرپت گنج ، رانی گنج ( محفوظ) ، ارریہ ، فاربس گنج ، جوکی ہاٹ ، سکٹی ، بہادر گنج ، ٹھاکر گنج ، کشن گنج ، کوچ دھامن ، آمور ، بائسی ، قصبہ، بنمنکھی (محفوظ) ، روپولی ، دھمداہا ، پورنیہ ، کٹیہار ، کدوا ، بلرام پور ، پران پور ، منیہاری (محفوظ) ، براری ، کوڑھا ، عالم نگر ، بہاری گنج ، سنگھیشور (محفوظ) ، مدھے پورہ ، سون برسا (محفوظ) ، سہرسہ ، سمری بختیار پور ، مہشی ، دربھنگہ ، حیاگھاٹ ، بہادر پور ، سمستی پور،کیوٹی ، جالے ، گائے گھاٹ ، اورائی ، بوچہا (محفوظ) ، سکرا ، کڑھنی ، مظفر پور ، مہوا ، پاتے پور (محفوظ) ، کلیان پور ( محفوظ) ، وارث نگر، موروا اور سرائے رنجن شامل ہے ۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined