قومی خبریں

بہار اسمبلی انتخاب: 77 سیٹوں پر جنتا دل یو کا آر جے ڈی سے براہ راست مقابلہ، نتیش کمار کا وقار داؤ پر!

بہار کی 243 اسمبلی سیٹوں میں سے 77 سیٹوں پر جے ڈی یو اور آر جے ڈی امیدوار کا براہ راست مقابلہ ہے۔ کچھ سیٹوں پر ایل جے پی امیدوار نے مقابلہ سہ رخی بنایا ہے لیکن اس سے نقصان این ڈی اے کا ہی ہوگا۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تیجسوی یادو
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تیجسوی یادو 

بہار اسمبلی انتخاب کے لیے اس بار بی جے پی-جے ڈی یو اتحاد کے خلاف آر جے ڈی-کانگریس-بایاں محاذ اتحاد انتخابی میدان میں ہے۔ اس انتخاب میں دلچسپ بات یہ ہے کہ نتیش کمار کی جنتا دل یو (جے ڈی یو) جن 115 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کر رہی ہے ان میں سے 77 پر اس کا مقابلہ براہ راست آر جے ڈی سے ہے۔ ان سیٹوں پر ایک طرح سے نتیش کمار کا وقار داؤ پر ہے کیونکہ ان کی شکست چچا پر بھتیجے کی فتح تصور کی جائے گی۔

Published: undefined

گزشتہ اسمبلی انتخاب میں نتیش کمار کے لیے حالات کافی سازگار تھے، لیکن اس بار کافی کچھ بدلا ہوا نظر آ رہا ہے۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ گزشتہ انتخاب میں جے ڈی یو نے آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ اتحاد بنا کر الیکشن لڑا تھا، جب کہ اس مرتبہ جے ڈی یو نے بی جے پی اور دو دیگر چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد قائم کیا ہے۔ پچھلی مرتبہ نتیش کمار کی قیادت میں میدان میں اتری آر جے ڈی 101 سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا جب کہ اس بار وہ 144 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کر رہی ہے۔

Published: undefined

اس الیکشن میں ایل جے پی نے این ڈی اے سے الگ ہو کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کر کے نتیش کمار کے لیے پریشانیاں کافی بڑھا دی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایل جے پی نے ہر اس سیٹ پر امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں سے جنتا دل امیدوار میدان میں ہیں۔ ایسے ماحول میں ان 77 سیٹوں پر جہاں جے ڈی یو امیدوار کا براہ راست مقابلہ آر جے ڈی امیدوار سے ہے، ایل جے پی امیدوار نتیش کمار کے لیے مشکلیں پیدا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان سیٹوں پر ایل جے پی امیدوار این ڈی اے کا ووٹ حاصل کر کے مہاگٹھ بندھن کو فائدہ ہی پہنچاتے ہوئے معلوم پڑ رہے ہیں۔ جہاں تک بی جے پی کا سوال ہے، اس کے محض 51 امیدوار آر جے ڈی کے سامنے ہیں۔ ایسے میں بی جے پی کے لیے بقیہ 59 سیٹیں ان 51 سیٹوں کے مقابلے آسان تصور کی جا رہی ہیں۔

Published: undefined

خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ قبل از انتخاب سروے کی بنیاد پر آر جے ڈی نے نتیش سے لوگوں کی ناراضگی کا فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے بیشتر امیدوار جے ڈی یو کے سامنے اتارے ہیں۔ ویسے آر جے ڈی لیڈران اس بات سے انکار کر رہے ہیں۔ آر جے ڈی کے ایک لیڈر کا کہنا ہے کہ زمینی حقیقت، پارٹی کی علاقہ وار مضبوطی اور ذات-پات کے فارمولے کی بنیاد پر امیدوار اتارے گئے ہیں۔ یہ محض اتفاق ہے کہ بیشتر آر جے ڈی امیدوار کا مقابلہ جے ڈی یو کے امیدواروں سے ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آر جے ڈی کے لیے بی جے پی اور جے ڈی یو یکساں ہے۔

Published: undefined

آر جے ڈی کے ایک دیگر لیڈر کا کہنا ہے کہ تیجسوی یادو مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار ہیں اور یہ طے ہے کہ اس انتخاب کے بعد وہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن کی فتح یقینی ہے، حالانکہ کچھ سیٹوں پر جیت کا فرق 2000 سے 3000 تک ہو سکتا ہے۔

Published: undefined

اِدھر ایل جے پی سربراہ چراغ پاسوان نے بھی کھلے طور پر بی جے پی امیدواروں کی حمایت اور نتیش کمار کی مخالفت کر کے جے ڈی یو کی مشکلیں بڑھا دی ہیں۔ ایل جے پی نے ایسے حلقوں سے اپنے امیدوار اتارے ہیں جہاں جے ڈی یو انتخاب لڑ رہی ہے۔ ایل جے پی نے تو بی جے پی سے ناراض ہو کر الگ ہوئے لیڈروں کو بھی ٹکٹ تھمایا ہے جو جے ڈی یو کے لیے پریشانی پیدا کر رہے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر رہے اور دیارا اسمبلی حلقہ سے ایل جے پی امیدوار راجندر سنگھ کہتے بھی ہیں کہ انھیں نجی طور پر بی جے پی کارکنان کا ساتھ مل رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ لیڈروں کی اپنی ذاتی شناخت بھی ہوتی ہے۔

Published: undefined

اس تعلق سے جے ڈی یو ترجمان کے سی تیاگی کا کہنا ہے کہ آر جے ڈی کی ایسی کسی بھی سازش سے ان کی پارٹی فکرمند نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترقی کے ایشو پر وہ انتخابی میدان میں ہیں اور این ڈی اے کی قیادت نتیش کمار کر رہے ہیں۔ لوگوں کو یہ طے کرنا ہے کہ نتیش کمار چاہیے یا کوئی دوسرا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined