زبردست سیاسی ہلچل کے درمیان بی جے پی رکن اسمبلی بھوپیندر پٹیل نے آج راج بھون میں گجرات کے نئے وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف لے لیا۔ بی جے پی اسمبلی الیکشن سے تقریباً 15 مہینے قبل وجے روپانی کو ہٹا کر بھوپیندر پٹیل کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے، اور دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ وہ ان پندرہ مہینوں میں کس طرح کام کرتے ہیں۔ 59 سال کے بھوپیندر پٹیل کو 12 ستمبر کو اتفاق رائے سے بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ بھوپیندر پٹیل اب گجرات کے 17ویں وزیر اعلیٰ ہیں۔ گجرات کی 182 رکنی اسمبلی کے لیے انتخابات آئندہ سال دسمبر میں ہونے ہیں۔
Published: undefined
گجرات کے گورنر آچاریہ دیو ورَت نے بھوپیندر پٹیل کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ تقریب میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی، نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل سمیت بی جے پی کے تمام لیڈر شامل ہوئے۔ مدھیہ پردیش، گوا، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے بھی اس حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔
Published: undefined
یہاں قابل ذکر ہے کہ بھوپیندر پٹیل اس سے قبل ریاستی حکومت میں بھی وزیر نہیں رہے، یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کا نام سامنے آنے کے بعد سبھی حیران رہ گئے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی جب 20 سال پہلے گجرات کے وزیر اعلیٰ بنے تھے، اس سے قبل وہ کبھی وزیر نہیں رہے تھے۔ نریندر مودی کو 7 اکتوبر 2001 کو وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف دلایا گیا تھا اور وہ راج کوٹ اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں جیت حاصل کر 24 فروری 2002 کو رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
Published: undefined
بہر حال، بھوپیندر پٹیل 2017 کے اسمبلی انتخاب میں ریاست کی گھاٹ لوڈیا سیٹ سے پہلی بار انتخاب لڑے تھے اور جیتے تھے۔ انھوں نے کانگریس کے ششی کانت پٹیل کو ایک لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے ہرایا تھا، جو اس انتخاب میں جیت کا سب سے بڑا فرق تھا۔ سول انجینئرنگ میں ڈپلومہ کرنے والے پٹیل سابق وزیر اعلیٰ اور اب اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ آنندی بین 2012 میں اسی سیٹ سے الیکشن جیتی تھیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined