تمل ناڈو کے کنیاکماری سے کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا رسمی آغاز ہو گیا ہے۔ راہل گاندھی نے ترنگا ہاتھ میں لے کر اس یاترا کی شرعات کی۔ 5 ماہ تک چلنے والی یہ یاترا 3570 کلومیٹر کے سفر میں 12 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام خطوں سے ہوتے ہوئے کشمیر پہنچے گی۔ یاترا کی شروعات کرتےہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ملک آج مشکل دور سے گزر رہا ہے، آج سب کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔ اس یاترا کا مقصد فرقہ واریت کے خلاف اور سیکولر جذبہ کے لیے ملک کے لوگوں کو جوڑنا، کروڑوں ہندوستانیوں کی آواز بلند کرنا، ملک میں موجودہ مسائل کے بارے میں سیدھے عوام سے ڈائیلاگ قائم کرنا ہے۔
Published: undefined
بھارت جوڑو یاترا کی شروعات سے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے یاترا کے مقاصد کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کو ہندوستان کے لوگوں کی آواز کو سننے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ہم آ ر ایس ایس اور بی جے پی کی طرح ہندوستان کے لوگوں کی آواز دبانا نہیں چاہتے۔ ہم ہندوستان کے لوگوں کو سننا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج ہمارے ہر ادارے پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حملے ہو رہے ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ ترنگا ان کی ذاتی ملکیت ہے اور وہ تنہا ہی اس ملک اور سبھی ریاستوں کے لوگوں کا مستقبل طے کر سکتے ہیں۔ ہندوستان اپنے لوگوں پر ایک نظریہ تھوپنے کا نام نہیں ہے۔ ہر ایک شخص کی تاریخ، زبان اور ثقافت ہے ہندوستان۔
Published: undefined
راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں ایسا کیا ہو رہا ہے کہ اتنے سارے لوگ، لاکھوں کروڑوں افراد محسوس کرتے ہیں کہ ہندوستان کو ایک ساتھ لانے کے لیے کارروائی کرنے کی ضرورت ہے؟ آج ہندوستان اپنے سب سے خراب معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ بے روزگاری کی اعلیٰ سطح جو ہم نے کبھی نہیں دیکھی ہے، اور بدقسمتی سے میڈیا کے ہمارے دوست پوری طرح سے کنٹرول کیے جا رہے ہیں۔ اسے ہر کوئی سمجھتا ہے لیکن ٹیلی ویژن پر آپ کبھی بے روزگاری یا مہنگائی نہیں دیکھیں گے۔ آپ صرف وزیر اعظم کی تصویر دیکھیں گے۔ بی جے پی حکومت نے اس ملک کے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے و میڈیم صنعتوں پر منظم حملہ کیا ہے۔ مٹھی بھر بڑے کاروباری آج پورے ملک کو کنٹرول کرتے ہیں۔ ہر ایک صنعت کو مٹھی بھر صنعت کاروں کے ذریعہ کنٹرول کیا جاتا ہے۔
Published: undefined
عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ 7 ستمبر 2022 ایک ایسا دن ہے جب ملک کی سب سے پرانی سیاسی پارٹی اب تک کی سب سے طویل پد یاترا شروع کرے گی۔ آج کا دن ایک خاموش جائزہ اور نئے سرے سے عزم کا دن ہے۔ ہندوستانی سیاست میں یہ ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ ایک نئی شروعات کی علامت ہے۔ اس موقع پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ راہل گاندھی نے ہندوستان کے اتحاد کے لیے لڑنے کا عزم کیا ہے۔ ملک کو متحد کرنے اور امن و خیر سگالی کا پیغام پھیلانے کے لیے 12 ریاستوں میں 3570 کلومیٹر مارچ کیا جائے گا۔ آئیے ہاتھ ملائیں اور ایک ساتھ مارچ کریں۔
Published: undefined
اس سے قبل بھارت جوڑو یاترا کی شروعات سے پہلے کنیاکماری پہنچے راہل گاندھی نے صبح 7 بجے تمل ناڈو کے شری پیرمبدور شہر میں اپنے والد آنجہانی راجیو گاندھی کے شہید اسمارک پر گئے اور دعائیہ جلسہ میں شامل ہوئے۔ یہیں راجیو گاندھی کا قتل ہوا تھا۔ یہاں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’نفرت اور تقسیم کی سیاست میں میں نے اپنے والد کو گنوا دیا۔ میں اپنے پیارے ملک کو اس میں نہیں گنوانا چاہتا۔ پیار کی نفرت پر جیت ہوگی۔ خوف کو امید شکست دے گی۔ ہم سب مل کر اسے شکست دیں گے۔‘‘
Published: undefined
آج سے شروع ہوئی کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے لیے 119 لیڈروں کے ناموں کی فہرست تیار کی گئی ہے جو شروع سے لے کر آخر تک پد یاترا کریں گے۔ اس عارضی فہرست میں راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس کے یوتھ لیڈر کنہیا کمار، پون کھیڑا اور پنجاب کے سابق وزیر وجئے اندر سنگلا کا بھی نام ہے۔ فہرست میں یوتھ کانگریس کے سابق صدر کیشو چندر یادو اور اتراکھنڈ کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سکریٹری ویبھو والیہ کے علاوہ کئی خاتون کارکنان کے نام بھی شامل ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز