قومی خبریں

’لوگوں کو بے گھر کرنے سے پہلے انہیں پی ایم آواس یوجنا کے تحت مکانات دیے جائیں‘، اروندر سنگھ لولی کا مطالبہ

کھجوری خاص میں لوگوں کے مکانات بغیر نوٹس منہدم کرنا ایک غیر انسانی عمل ہے، کانگریس پارٹی ان بے سہارا لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر لڑے گی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر قومی آواز</p></div>

تصویر قومی آواز

 

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے پارٹی دفتر میں منعقدہ کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی اے کی طرف سے کھجوری خاص میں لوگوں کے مکانات کو بغیر نوٹس دیے گرانا ایک غیر انسانی عمل ہے۔ کانگریس پارٹی ان بے سہارا لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے مرکزی حکومت کے خلاف ان کے ساتھ مل کر لڑے گی۔ جن لوگوں کے گھروں کو منہدم کیا گیا ہے وہ لوگ کھجوری خاص میں 11-12 سال سے رہ رہے تھے۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اترکاشی میں درجنوں لوگوں کی جانیں بچانے والے ’ریٹ ہول مائنر‘ وکیل حسن کو عزت دینے کے بجائے مرکزی حکومت کے محکمہ ڈی ڈی اے نے ان کے گھر کو منہدم کر دیا۔

Published: undefined

اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ وکیل حسن کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت دور کے علاقے میں مکان دینے کا آفر دیا گیا جسے انہوں نے اس لیے ٹھکرا دیا ہے کہ ان کے بچے کھجوری خاص میں پڑھتے ہیں اور ان کا ذریعہ معاش وہیں ہے۔ اس لیے انہیں ان کے ہی علاقے میں مکان دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف ریٹ ہول مائینر وکیل حسن کو ہی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کو پی ایم آواس یوجنا کے تحت گھر دیا جائے جن کے گھروں کو منہدم کیا گیا ہے۔

Published: undefined

دہلی کانگریس کے صدر نے کہا کہ گزشتہ 2 لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اپنی انتخابی مہم میں ’جہاں گھر وہیں مکان اسکیم‘ کے تحت غریبوں کو مکان فراہم کرنے کا وعدہ کرتی رہی جسے ابھی تک پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کھجوری خاص میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے لوگوں کے اس مطالبے کی حمایت کرتی ہے کہ جہاں ان کے گھر تھے وہیں ان کو مکانات دیے جائیں۔ کانگریس کی یو پی اے حکومت میں جھونپڑوں میں رہنے والوں کے لیے کالکاجی، کٹھ پتلی کالونی اور وزیر پور میں مکانات بنا کر دینے کی اسکیم شروع کی گئی تھی۔

Published: undefined

اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ ڈی ڈی اے کی کارروائی سے وہاں رہنے والے بچوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے کیونکہ یہ امتحان کا وقت ہے اور ان کے بے گھر ہونے کی وجہ سے وہ سڑکوں پر آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریلا میں حکومت جو مکانات دینے کی بات کر رہی ہے وہ بھی کانگریس حکومت کے دوران راجیو رتن آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے تھے۔ لولی نے کہا کہ کانگریس پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت دہلی میں ہی جھگی جھونپڑیوں کے لیے مکانات بنائے اور لوگوں کو بے گھر کرنے سے پہلے ان کے رہنے کے لیے متبادل انتظام کرے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined