قومی خبریں

بھاجپا ایم ایل اے نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ کو پیٹا

ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا کے ذریعہ جان سے مارنے کی دھمکی دیے جانے کے بعد ڈاکٹر جی پی چودھری کی فیملی خوفزدہ

Getty Images
Getty Images 

بلیا: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا نے سیئر واقع کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ کی زبردست پٹائی کر دی جس کے بعد معاملے نے طول پکڑ لیا اور ضلع انتظامیہ نے اس پورے معاملے کی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ دراصل قنوجیا مریضوں کو کھانا کھلانے سے متعلق کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ سے 300 روپے کا حساب مانگ رہے تھے اور ڈاکٹر چودھری نے خرچ کے تفصیلات کا رجسٹر پیش بھی کیا، لیکن قنوجیا کو اپنی طاقت اور اپنا رتبہ دکھانا تھا تو انھوں نے دکھادیا اور سب کے سامنے پٹائی شروع کر دی۔ وہاں موجود ڈاکٹروں اور ملازموں نے کسی طرح ڈاکٹر چودھری کو بچایا۔ حد تو یہ ہے کہ اقتدار کے نشے میں چور دھننجے قنوجیا نے سپرنٹنڈنٹ کو جان سے مارنے کی دھمکی تک دے ڈالی۔

اس سلسلے میں پولس سپرنٹنڈنٹ انل کمار نے آج بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جی پی چودھری نے ان سے ملاقات کر کے بی جے پی ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا کے خلاف ایک شکایتی خط دیا ہے اور ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ وجے پال سنگھ کو پورے معاملے کی جانچ کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ جب ڈاکٹر چودھری سے اس سلسلے میں بات کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ بلتھرا روڈ علاقہ سے بی جے پی ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا گزشتہ 13 ستمبر کی شام ان کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کا جائزہ لینے آئے تھے۔ ڈاکٹر چودھری نے مزید بتایا کہ قنوجیا 300 روپے کا حساب طلب کرنے لگے تو خرچ کا رجسٹر دکھایا گیا۔ اس کے باوجود انھوں نے گالیاں دینی شروع کر دیں اور پٹائی کرنے کے ساتھ ساتھ جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ بدتمیزی سے پیش آنے اور بلاوجہ کسی کو بھی ڈانٹ پھٹکار کر دینے کا معاملہ کوئی نیا نہیں ہے۔ گزشتہ سوموار کو ہی اتراکھنڈ کے وزیر تعلیم نے دو اسکولوں کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے ایک خاتون ٹیچر سے سوال پوچھا اور درست جواب دینے کے باوجود بری طرح ان کو ڈانٹا۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے حساب کا ایک غلط فارمولہ بھی سب کے سامنے پیش کر دیا اور کسی کے سمجھانے کے باوجود اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کیا۔

Published: undefined

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined