قومی خبریں

بابری مسجد: ثالثی کمیٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش، سماعت 15 اَگست تک ملتوی

ثالثی کمیٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی کے اس عمل میں مزید وقت درکار ہے۔ اس گزارش کو عدالت نے قبول کیا اور 15 اگست تک کا وقت دے دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بابری مسجد اور رام مندر معاملہ پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہونی تھی لیکن ثالثی کمیٹی کے ذریعہ پیش کردہ رپورٹ دیکھنے اور کمیٹی کے چیئرمین کے ذریعہ ثالثی کا عمل پورا کرنے کے لیے 15 اگست تک کا وقت دیے جانے کے مطالبہ کے بعد سماعت 15 اگست تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ انتہائی حساس ایودھیا معاملہ پر آج کی سماعت ملتوی ہونے سے پہلے چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل شدہ تین رکنی ثالثی کمیٹی کی رپورٹ دیکھی اور کہا کہ اب اس کیس کی سماعت 15 اگست کو ہوگی۔

Published: 10 May 2019, 12:10 PM IST

ذرائع کے مطابق سابق جسٹس ایف ایم کلیف اللہ کی صدارت والی سہ رکنی ثالثی کمیٹی نے ایک سیل بند لفافے میں عبوری رپورٹ عدالت کے حوالے کی۔ اس رپورٹ میں پینل اس معاملے کے حل کو لے کر پرامید نظر آیا اور اس نے کہا کہ یہ ایک طویل عمل ہے اور اس کو وقت دیا جائے تو ایودھیا معاملہ کا عدالت کے باہر حل نکالا جا سکتا ہے۔ عدالت نے بھی رپورٹ دیکھنے کے بعد کہا کہ ثالثی کمیٹی صحیح سمت میں جا رہی ہے اور اسے وقت ملنا چاہیے۔

Published: 10 May 2019, 12:10 PM IST

اس درمیان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے اس رپورٹ میں شامل کسی بھی بات کو ظاہر کرنے سے منع کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں مزید کیا کچھ لکھا گیا ہے اور ثالثی کا عمل کہاں تک پہنچا، اس بارے میں تفصیل نہیں بتائی جا سکتی کیونکہ یہ سب رازداری طلب ہے۔ قابل غور ہے کہ ثالثی کمیٹی تشکیل دینے کے بعد ہی عدالت عظمیٰ نے واضح کر دیا تھا کہ ثالثی کے عمل کو میڈیا سے دور رکھا جائے گا اور کچھ بھی رپورٹ نہیں کیا جائے گا۔

Published: 10 May 2019, 12:10 PM IST

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ 8 مارچ کو ثالثی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ ایودھیا مسئلہ کا کوئی ایسا حل نکل سکے جو سبھی کے لیے قابل قبول ہو۔ اس سہ رکنی کمیٹی میں جسٹس کلیف اللہ کو سربراہ بنایا گیا تھا اور آرٹ آف لیونگ کے بانی شری شری روی شنکر کے ساتھ سینئر وکیل شری رام پنچو کو شامل کیا گیا تھا۔ قابل غور یہ بھی ہے کہ ایودھیا معاملہ کی سماعت سپریم کورٹ میں چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس دھننجے وائی چندرچوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنذیر کی پانچ رکنی آئینی بنچ کر رہی ہے۔

Published: 10 May 2019, 12:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 10 May 2019, 12:10 PM IST