وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کیدار ناتھ دھام میں پوجا کے بعد کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنانے کے چکّر میں کچھ ایسا جھوٹ بول دیا جس سے ان کا ہی مذاق بن رہا ہے۔ اُن کے جھوٹ کو کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سُرجے والا نے فوراً پکڑ لیا اور یکے بعد دیگرے کئی ٹوئٹ کے ذریعہ نہ صرف ان کی گرفت کی بلکہ آئینہ بھی دکھایا۔
دراصل نریندر مودی نےکیدار ناتھ میں پوجا کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سال 2013 میں جب یہاں (اتراکھنڈ) قدرتی آفت آئی تھی تو میں گجرات کا وزیر اعلیٰ تھا اور یہاں کی باز آبادکاری کی اپیل کی تھی۔ ایسے وقت میں وزیر اعلیٰ نے تو ہاں کر دی تھی لیکن دہلی کی سیاست میں طوفان آ گیا تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مرکزی حکومت کے دباؤ کے سبب اتراکھنڈ حکومت نے گجرات کی مدد لینے سے منع کر دیا‘‘۔ مودی کے اس بیان پر فوری رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سُرجے والا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’بابا کیدار ناتھ کے دروازے پر مودی جی کی اَنا کا عروج۔ بابا خدمت کے خواہاں نہیں۔ ہاں، پرخلوص خدمت بے کار نہیں جاتی۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ انھوں نے اپنا ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے۔ انھوں نے آگے لکھا کہ ’’مودی جی، کاش مطلب کی سیاست چھوڑ، بلغاری کا اٹالین چشمہ اتار، راہل جی کی طرح 18 کلو میٹر چل کر اور خلوص جذبہ سے بابا کی بھکتی کرتے۔‘‘ (ویڈیو دیکھنے کے لیے نیچے دیے گئے ویڈیو لنک پر کلک کریں)
Published: 20 Oct 2017, 7:25 PM IST
مودی جی کے جھوٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے سُرجے والا نے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’بابا کے دَربار میں بھی جھوٹ۔ مودی جی یہ بتانا بھول گئے کہ مرکز کی کانگریس حکومت نے دسمبر 2013 میں 8000 کروڑ کا باز آبادکاری پیکیج دیا تھا۔ جھوٹ پر جھوٹ۔ بھول گئے کہ جہاں کانگریس نے 8000 کروڑ میں سے 2200 کروڑ مئی 2014 سے پہلے اتراکھنڈ کودے دیے، مگرمودی جی نے بقیہ رقم ادا نہیں کی۔ مودی جی یہ بھی بھول گئے کہ کانگریس حکومت نے کیدار ناتھ جی مندر کے ارد گرد 3 لیئروں والی حفاظتی دیوار بنائی تاکہ مستقبل میں سیلاب کو روکا جا سکے۔‘‘ سُرجے والا نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں مودی کے ذریعہ کیدارناتھ کی طرف پیٹھ کر کے عوام سے خطاب کرنے پر بھی تنقید کی اور اسے روایت اور تہذیب کی بے عزتی قرار دیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’بابا کے صدر دروازے کے سامنے اسٹیج سجا کر، پیٹھ دکھا کر تقریر کرنے والے مودی جی... آپ نے روایت اور ثقافت کی بے عزتی کی ہے۔‘‘
سُرجے والا اتنے پر ہی نہیں رُکے بلکہ اپنے اگلے دو ٹوئٹ میں بھی مودی کے ’بھولنے‘ پر طنز آمیز لہجہ اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مودی جی بھول گئے کہ بابا کی زیارت کے مقصد سے آنے والے 4000 مسافروں کے لیے ٹھہرنے کا انتظام، سڑکوں و پیدل راستہ کی از سر نو تعمیر کا کام کانگریس نے کیا۔ مودی جی یہ بھی بھول گئے کہ کانگریس حکومت نے کیدار ناتھ جی میں منداکنی و سرسوتی گھاٹوں کی از سر نو تعمیر کی اور سبھی مکانات کی تعمیر بھی کرائی۔مودی جی بھول گئے کہ کانگریس نے کیدار ناتھ جی مندر کے پجاریوں کے مکانات کی تعمیر شروع کی اور گھوڑے، خچر، تانگہ والوں کو روزگار فراہم کروایا۔ سانچ کو آنچ نہیں۔ مودی جی، بابا سب جانتے ہیں۔ ایشور کی شرن میں بڑبولی باتوں اور جملوں سے گریز کرنا چاہیے۔‘‘
Published: 20 Oct 2017, 7:25 PM IST
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Oct 2017, 7:25 PM IST