قومی خبریں

ایودھیا: رام مندر کی سیکورٹی میں تعینات ایک جوان کی گولی لگنے سے موت، اہل خانہ کے نہیں رک رہے آنسو

25 سالہ شتروگھن وشوکرما کو مشتبہ حالت میں گولی لگ گئی تھی، جس کی آواز سن کر موقع پر پہنچے ساتھی سیکورٹی اہلکاروں نے اسے فوراً اسپتال پہنچایا لیکن اس کی جان نہیں بچ سکی۔

تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل
تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل 

ایودھیا میں رام مندر کی سیکورٹی میں تعینات اسپیشل سیکورٹی فورسز کے ایک جوان کی آج صبح گولی لگنے سے موت ہو گئی۔ گولی کس طرح چلی اور جوان کو کیسے لگی، فی الحال اس سلسلے میں کچھ بھی صاف نہیں ہے۔ سیکورٹی اہلکار کو مشتبہ حالات میں گولی لگنے کی خبر ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کر دی۔

Published: undefined

بتایا جا رہا ہے کہ مہلوک جوان کا نام شتروگھن وشوکرما تھا جو امبیڈکر نگر کا باشندہ تھا۔ بدھ کی صبح جب گولی چلنے کی آواز ہوئی تو شری رام جنم بھومی احاطہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ گولی کی آواز سن کر مہلوک جوان کے ساتھی سیکورٹی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے تو وہ خون میں شرابور تھا۔ آناً فاناً میں اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں سے زخمی جوان کو ٹراما سنٹر ریفر کر دیا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔

Published: undefined

مہلوک جوان کی عمر تقریباً 25 سال بتائی جا رہی ہے اور اس کے گھر والوں کو جیسے ہی اس اندوہناک واقعہ کی خبر ملی ایک کہرام سا مچ گیا۔ شتروگھن کی موت کی خبر کے بعد اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے، ان کے آنسو نہیں رک رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شتروگھن کو اسپیشل سیکورٹی فورس (ایس ایس ایف) میں 2019 میں ملازمت ہوئی تھی۔ امبیڈکر نگر کے تھانہ سمن پور واقع کجپورہ گاؤں کے رہنے والے شتروگھن کی تعیناتی کچھ سال قبل رام مندر احاطہ میں ہوئی تھی۔ ایس ایس ایف کی تشکیل چار سال قبل یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے مندروں کی سیکورٹی کے لیے کیا تھا۔

Published: undefined

بہرحال، جوان کی موت کے بعد ایودھیا کے آئی جی اور ایس ایس پی سمیت پولیس کے تمام بڑے افسران متحرک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے فورنسک ٹیم کو بھی جائے وقوع پر بلا لیا ہے۔ فورنسک ٹیم نے جائے حادثہ پر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق جوان کے کچھ ساتھیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے وہ پریشان چل رہا تھا۔ حادثہ سے پہلے وہ موبائل دیکھ رہا تھا۔ پولیس نے شتروگھن کے موبائل کو بھی جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رام مندر کی سیکورٹی میں تعینات مزید ایک جوان کو تین ماہ قبل گولی لگی تھی۔ اس وقت جوان کی اپنی غلطی سے گولی چل گئی تھی۔ جانچ کے بعد پتہ چلا تھا کہ بندوق صاف کرتے وقت غلطی سے ٹریگر دَب گیا تھا اور گولی جوان کو لگ گئی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined