قومی خبریں

ایودھیا: بابری مسجد کا پتہ پوچھنے والے شخص کو اٹھا لے گئی پولیس، پوچھ تاچھ جاری

ابھی تک ہوئی پوچھ تاچھ میں بلال نے پولیس کو جو کچھ بھی بتایا ہے وہ صحیح ہے اور کچھ بھی مشتبہ نظر نہیں آ رہا ہے، لیکن پولیس اس سے مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے تاکہ ہر طرح سے اطمینان ہو جائے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

اتر پردیش کے ایودھیا میں منہدم بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اس درمیان ایک شخص نے ایودھیا پہنچ کر ایک سیکورٹی اہلکار سے قدیم بابری مسجد کا پتہ پوچھ لیا جس سے اس کے لیے مصیبت کھڑی ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بلال نامی ایک شخص نے رام جنم بھومی درشن مارگ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں سے بابری مسجد کے بارے میں پوچھا کہ وہ کہاں پر تھا اور کیا وہ اس جگہ کو دیکھ سکتا ہے۔ اس سوال نے سیکورٹی اہلکار کے ذہن میں شبہ پیدا کر دیا کہ کہیں یہ شخص کوئی غلط ارادہ سے تو ایودھیا نہیں پہنچا ہے۔ یہ سوچتے ہی سیکورٹی اہلکار نے مقامی پولیس کو خبر دی اور پھر خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ شروع کر دی۔

Published: 09 Jul 2021, 6:11 PM IST

موصولہ اطلاعات کے مطابق بلال سے ہوئی ابھی تک کی پوچھ تاچھ میں اس نے جو کچھ بھی بتایا ہے وہ صحیح ہے اور کچھ بھی مشتبہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ لیکن پولیس اس سے مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے تاکہ ہر طرح سے اطمینان ہو جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلال مراد آباد کا رہنے والا ہے اور اس نے بتایا کہ وہ تین دن قبل ہی ایودھیا پہنچا ہے۔ بلال نے یہ بھی بتایا کہ وہ ’دعوتِ اسلامی‘ نامی ادارہ کا کارکن ہے اور اس نے اپنے ادارہ کے کارکنوں سے بابری مسجد کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے بتایا کہ اب وہاں مندر بن رہا ہے۔

Published: 09 Jul 2021, 6:11 PM IST

حراست میں لیے گئے بلال کا کہنا ہے کہ وہ اس جگہ کو دیکھنا چاہتا تھا جہاں بابری مسجد تھی۔ ایودھیا پہنچنے کے بعد اس نے وہاں تعینات سیکورٹی اہلکار سے ہی پوچھ لیا کہ بابری مسجد کہاں تھی؟ جانکاری کے مطابق بلال نے سیکورٹی اہلکاروں سے جب یہ سوال پوچھا کہ کیا وہ بابری مسجد والی جگہ دیکھنے جا سکتا ہے، تو انھیں شبہ ہوا جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے رام جنم بھومی تھانہ میں خبر دی اور بلال کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

Published: 09 Jul 2021, 6:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Jul 2021, 6:11 PM IST