قومی خبریں

ایودھیا: رام مندر ٹرسٹ پر پھر اٹھی انگلی، دو نئے زمین گھوٹالوں کا انکشاف!

موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں اراضی سودوں میں ایودھیا کے میئر رشی کیش اپادھیائے کے بھتیجے دیپ نارائن اپادھیائے کا اہم کردار ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ابھی دو کروڑ کی زمین 18.5 کروڑ میں خریدے جانے پر رام مندر ٹرسٹ عہدیداران اور بی جے پی لیڈران کے خلاف لوگوں کی ناراضگی اور ہنگامہ ختم بھی نہیں ہوا ہے، کہ مبینہ طور پر دو نئے زمین گھوٹالہ کی باتیں سامنے آ گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان زمین گھوٹالوں میں بھی شری رام مندر ٹرسٹ کے عہدیداروں کی ملی بھگت ہے۔ خبروں کے مطابق ان اراضی سودوں میں ایودھیا کے میئر رشی کیش اپادھیائے کے بھتیجے دیپ نارائن اپادھیائے کا اہم کردار ہے۔ ایک زمین جو دیپ نارائن نے 20 لاکھ روپے میں خریدی، اسے رام جنم بھومی کو ڈھائی کروڑ روپے میں فروخت کی گئی، جب کہ دوسری زمین جس کی قیمت 27 لاکھ روپے تھی، اسے بھی میئر کے بھتیجے نے رام مندر ٹرسٹ کو ایک کروڑ روپے میں فروخت کی ہے۔

Published: undefined

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر اس سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی جس میں بتایا گیا ہے کہ 20 فروری 2021 کو ایودھیا کے میئر رشی کیش اپادھیائے کے بھتیجے دیپ نارائن اپادھیائے ے گاٹا نمبر 135 سے 890 اسکوائر میٹر کی زمین ایودھیا کے مہنت دیویندر پرساد آچاریہ سے 20 لاکھ روپے میں خریدی تھی۔ خریدی گئی اس زمین کی قیمت سرکل ریٹ کے مطابق 35.6 لاکھ اندازہ کیا گیا۔ 3 مہینے بعد یعنی 11 مئی 2021 کو دیپ نارائن نے کوٹ رام چندر حویلی کی اسی زمین کو رام مندر ٹرسٹ کو 2.5 کروڑ روپے میں فروخت کر دیا۔ گویا کہ جس زمین کو 20 لاکھ میں خریدا گیا تھا اسے تین مہینے بعد میئر کے بھتیجے نے رام مندر ٹرسٹ کوڈھائی کروڑ روپے میں فروخت کر دیا۔ اس اراضی سودے میں قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ گواہ ٹرسٹ کی طرف سے انل مشرا بھی موجود تھے اور یہ 2.5 کروڑ روپے اسی دن دیپ نارائن اپادھیائے کے اکاؤنٹ میں آر ٹی جی ایس کر دیے گئے۔

Published: undefined

’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق دیپ نارائن اپادھیائے نے اسی دن یعنی 20 فروری کو ایک دیگر خطہ اراضی رام مندر ٹرسٹ کو فروخت کیا۔ گاٹا نمبر 36 ایم میں سے 676.86 اسکوائر میٹر زمین کا ایک ٹکڑا بھی دیپ نارائن اپادھیائے نے رام مندر ٹرسٹ کو ایک کروڑ روپے میں فروخت کیا، جب کہ سرکل ریٹ کے حساب سے اس اراضی کی قیمت 27.08 لاکھ ہوتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زمین کے اس سودے میں بھی ٹرسٹ کے رکن انل مشرا گواہ ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined