قومی خبریں

ایودھیا میں نورا کشتی، خود کشی کی دھمکی دینے پر مہنت پرمہنس گرفتار

ویسے اس بات سے ہر کوئی بخوبی واقف ہے کہ پرمہنس کا خودکشی کا اعلان اور یوگی کی پولس کی طرف سے ان کا حراست میں لیا جانا دونوں کی نورا کشتی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ایودھیا: بابری مسجد کی شہادت کو 6 دسمبر کو 26 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس اس موقع کا فائدہ اٹھانے کی پر زور کوششوں میں ہیں۔ گزشتہ 25 نومبر کو شرپسندوں کی جانب سے ایودھیا کو جلانے کی پوری کوشش کی گئی تھی لیکن مقامی لوگوں کی دانشمندی سے وہ اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہو پائے۔ یہ ایشو زندہ رہے اس کے لئے سخت گیر تنظیمیں تمام طرح کے حربے استعمال کر رہی ہیں۔

سخت گیروں کے حربوں پر عمل کرتے ہوئے ایودھیا میں مہنت پرمہنس کی طرف سے تا دم مرگ بھوک ہڑتال کی جا رہی ہے۔ ان کا اعلان ہے کہ 6 دسمبر سے قبل اگر رام مندر کی تعمیر کا آغاز نہ ہوا تو وہ خودکشی کر لیں گے۔ حالانکہ انتظامیہ کی طرف سے دھمکی دینے والے مہنت پرمہنس داس کو منگل کے روز حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ویسے اس بات سے ہر کوئی بخوبی واقف ہے کہ پرمہنس کا خودکشی کا اعلان اور یوگی کی پولس کی طرف سے ان کا حراست میں لیا جانا دونوں کی نورا کشتی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔

Published: 04 Dec 2018, 6:09 PM IST

مجسٹریٹ نے پرمہنس کو 14 دنوں کی عدالتی حراست میں رکھتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے۔

پولس نے بتایا کہ متنازعہ زمین پر رام مندر تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے تپسوی چھاونی کے مہنت پرمہنس داس اپنے آشرم کے سامنے واقع اشوک درخت کے نیچے ایک چتا بنا کر خودکشی کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس وقت تو چتا کو ضلع انتظامیہ نے ہٹا دیا تھا لیکن پرمہنس داس کے دوبارہ خودکشی کی دھمکی دینے پر پولس نے انہیں حراست میں لے کر چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (سی جی ایم) کے سامنے پیش کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ رام مندر تعمیر کے سلسلے میں تپسوی چھاونی کے مہنت پرمہینس داس اپنے آشرم کے سامنے لگے اشوک کے درخت کے نیچے یکم اکتوبر سے تا دم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔ لیکن ان کی حالت بگڑنے پر پولس انتظامیہ نے 7 اکتوبرکو انہیں لکھنؤ کے پی جی آئی میں علاج کے لئے داخل کرایا تھا۔

پانچ دنوں تک پی جی آئی میں زیر علاج رہنے کے بعد ایودھیا کے ممبر اسمبلی وید پرکاش گپتا نے انہیں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس لے جا کر بھوک ہڑتال ختم کروا دی تھی۔ اس کے پرمہنس داس نے پھر اپنےآشرم کے سامنے ایک چتا بناکر یہ اعلان کیا تھا کہ اگر 6 دسمبر سے پہلے رام مندر تعمیر کا آغاز نہیں ہوتا تو وہ خودکشی کر کر لیں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Published: 04 Dec 2018, 6:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 Dec 2018, 6:09 PM IST