آسٹریلیا میں ہندوستانی کاروباری گوتم اڈانی کو کوئلہ کھدان منصوبہ بندی کو سخت احتجاج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سنیچر کے روز آسٹریلیا میں ہزاروں لوگوں نے ایک ساتھ مل کر انسانی چین بنائی اور ’اسٹاپ اڈانی‘ مہم کے حق میں آواز اٹھائی ۔
آسٹریلیا میں گزشتہ روز ہندوزتانی کاروباری گوتم اڈانی کے کوئلہ کھدان پروجیکٹ کے خلاف بھاری احتجاج کیا گیا۔ اڈانی گروپ کے خلاف آسٹریلیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ کوینس لینڈ صوبے میں اڈانی گروپ کی مجوزہ کارمائکل کوئلہ کھدان منصوبہ بندی کے خلاف میدانوں اور پارکوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئےاور انسانی چین بناکر ’اسٹاپ اڈانی ‘ کی شکل میں کھڑے ہوئے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اڈانی کے خلاف آسٹریلیا کی آدھی آبادی اپنے اپنےگھروں سے باہر نکل کر سراپا احتجاج بنی ہوئی تھی۔
اطلاع کے مطابق اڈانی گروپ کے خلاف آسٹریلیا بھر میں 40 احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں 30 سے زائد ماحولیاتی تنظیموں نے حصہ لیا۔ اس دوران سمندری ساحلوں اور ملک کے دیگر مقامات پر بھی لوگ جمع ہوئے اور اڈانی کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
ابتداء سے ہی تنازعات میں رہے کوئلہ کھدان پروجیکٹ کی اب مخالفت ماحولیاتی وجوہات کی بنا پرکی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ آسٹریلیا کے کوینس لینڈ صوبے میں واقع کوئلہ کھدان نے گلوبل وارمنگ میں اضافہ کیا ہے اور دی گریٹ بیرئر ریف کو نقصان پہنچایا ہے۔
واضح رہے کہ کارمائکل کوئلہ کھدان آسٹریلیا کی سب سے بڑی کوئلہ کھدان ہے جس کا ٹھیکہ ہندوستانی صنعت کار گوتم اڈانی کی کمپنی اڈانی گروپ کو ملا ہوا ہے۔ اڈانی گروپ اور آسٹریلیا ئی حکومت کے درمیان معاہدہ ہونے کے ساتھ ہی یہ پروجیکٹ تنازعہ کا شکار ہو گیا تھا۔ پروجیکٹ کے حوالے سے اڈانی گروپ پر الزام لگا تھا کہ ماحول اور فنڈ کے تعلق سے کئی معاملوں میں لاپرواہی کی گئی ہے۔ لوگوں نے اڈانی گروپ کی منشا ، اس کے طریقہ کار اور ٹیکس میں ہیرا پھیری کے الزامات لگائے تھے۔
دراصل گوتم اڈانی ہندوستان کے وزیر اعطم نریندر مودی کے بے حد نزدیکی مانے جاتے ہیں۔ ان کی کمپنی اڈانی گروپ نے آسٹریلیا کو 22 ارب ڈالر کے ٹیکس اور کانکنی رائلٹی دینے کے نام پر کوینس لینڈ میں کارمائکل کوئلہ کھدان سے تاعمر کوئلہ کی کانکنی کا ٹھیکہ لیا ہے۔ لیکن حال ہی میں آئی اینرجی اکنامکس اینڈ فنانشیل انالیسس کی رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اڈانی گروپ کی کمپنیوں اور ٹرسٹ کے مشکل جال سے یہ محسوس ہوتا ہےکہ کمپنی ٹیکس کی رقم کو کم کر سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ نے بہت سارے ایسے راستے نکال لئے ہیں جس سے اس پر آسٹریلیائی ٹیکس کی دینداری کم ہو جائے گی۔
آسٹریلیا کی ایک نیوز ویب سائٹ میں شائع خبر کے مطابق اڈانی گروپ پر حال میں آئے طوفان ’ڈیبی ‘کے دوران آلودہ پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے 12 ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی عائد ہوا تھا ۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی کارکنا ن اور مالی معاملات کے ماہرین کی نظر اڈانی گروپ کے اس پروجیکٹ پر ہے۔ اڈانی گروپ آسٹریلیا کے اس پروجیکٹ سے گجرات کے مندرا میں بجلی پروجیکٹ کے لئے کوئلہ فراہمی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اڈانی گروپ کی تحقیقات کرنے آئی آسٹریلیا ئی ٹی وی ’اے بی سی نیٹورک ‘کے پروگرام (فور کارنرس )کی ایک ٹیم کو حال ہی میں گجرات پولس کی کرائم برانچ نے دھمکاکر ملک چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا۔
Published: undefined
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined