بھتیجے اجیت پوار کے ذریعے این سی پی چھیننے سے افسردہ 83 سالہ شرد پوار نے ایک بار پھر سے نئی سیاسی پاری کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔ شردپوار کا کہنا ہے کہ اب وہ نئے سرے سے شروعات کریں گے۔ پارٹی اور اس کے انتخابی نشان کے چھن جانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پارٹی ختم ہو گئی ہے۔ کارکنوں کے ساتھ نئے سرے سے ایک پھر ہم کام شروع کریں گے۔
Published: undefined
پونے میں گووند باغ کی اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ’’ملک نے ایسی صورتحال کبھی نہیں دیکھی کہ پارٹی بنانے والے کو ہی اس پارٹی سے نکال دیا گیا ہو، لیکن ہمارے ساتھ ایسا ہوا۔‘‘ شرد پوار نے اپنی پارٹی کی تعمیر نو کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’نہ صرف پارٹی کا نام بلکہ این سی پی کا انتخابی نشان ’گھڑی‘ بھی چھین لیا گیا، جو قانون کے مطابق قطعاً نہیں ہے۔ سب جانتے ہیں کہ این سی پی کی بنیاد کس نے رکھی تھی۔ اس کے خلاف ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔‘‘
Published: undefined
نوبھارت ٹائمز میں شائع خبر کے مطابق نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ’’نشان چلے جانے کے بارے میں زیادہ فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اب تک 14 الیکشن لڑ چکا ہوں۔ ان میں سے 5 الگ الگ نشانات ’بیلوں کی جوڑی‘، ’گائے اور بچھڑا‘، ’چرخہ‘، ’ہاتھ‘ اور آخر میں ’گھڑی‘ کے نشان پر الیکشن لڑا ہوں۔ انتخابی نشان چھن جانے کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی بھی ختم ہو گئی۔‘‘ پوار کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کے پاس جائیں گے۔ پارٹی کی پالیسیوں اور اصولوں کو عام لوگوں کے سامنے بیان کریں گے۔ وہ ایک نئی امید کے ساتھ مہاراشٹر میں گھومیں گے، لوگوں سے ملیں گے اور انہیں منائیں گے جو کسی وجہ سے ناراض ہیں۔ شرد پوار کے مطابق ’’نئے انتخابی نشان کے ساتھ زیادہ پریشانی نہیں ہو گی۔‘‘
Published: undefined
اجیت پوار کی جانب سے لگائے جا رہے الزامات پر شرد پوار نے کہا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ وہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ریاست کے عوام انتخابات کے دوران مناسب فیصلہ کریں گے۔‘‘ اشوک چوہان کے بی جے پی میں جانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شرد پوار نے کہا کہ ’’فی الوقت اے سی بی اور ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) جیسی کئی ایجنسیوں کا اثر اور ان کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کا استعمال کس طرح اپوزیشن کے خلاف کیا جا رہا ہے۔‘‘ شرد پوار کے ایک بار پھر خم ٹھونک کر میدان میں اترنے کے اعلان کو ان کے بھتیجے اجیت پوار کے لیے ایک وارننگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined