قومی خبریں

کشمیر کے سوپور میں مسلح جھڑپ، اعلیٰ کمانڈر سمیت لشکر طیبہ کے 3 ملی ٹنٹ ہلاک

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ مدثر پنڈت تین پولیس اہلکاروں، دو کونسلروں اور دو عام شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں کے علاوہ متعدد دیگر 'ٹیرر کرائمز' میں ملوث تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے سوپور میں ایک شبانہ آپریشن کے دوران ایک اعلیٰ کمانڈر اور ایک پاکستانی رہائشی سمیت لشکر طیبہ کے تین ملی ٹنٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مہلوک ملی ٹنٹوں میں سے دو کی شناخت لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر مدثر پنڈت اور پاکستانی ملی ٹنٹ اسرار عرف عبداللہ کے طور پر ظاہر کی گئی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مدثر پنڈت تین پولیس اہلکاروں، دو کونسلروں اور دو عام شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں سمیت کئی دیگر جرائم میں ملوث تھا۔

Published: undefined

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سوپور کے گنڈ براٹھ میں مدثر پنڈت اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کو گھیرے میں لینے کے دوران وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے فائرنگ کی جبکہ جوابی کارروائی میں مدثر پنڈت اور اس کے دو ساتھیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

Published: undefined

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ مدثر پنڈت تین پولیس اہلکاروں، دو کونسلروں اور دو عام شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں کے علاوہ متعدد دیگر 'ٹیرر کرائمز' میں ملوث تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مدثر پنڈت کے ساتھ ایک پاکستانی ملی ٹنٹ اسرار عرف عبداللہ کو بھی ہلاک کیا گیا ہے جو شمالی کشمیر میں سنہ 2018 سے سرگرم تھا۔ وجے کمار کا مزید کہنا تھا کہ مدثر پنڈت کی ہلاکت سے مقامی آبادی کو بڑی راحت نصیب ہوگی۔

Published: undefined

دریں اثنا سری نگر میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے بتایا کہ سوپور کے گنڈ براٹھ میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشن جموں و کشمیر پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 'اس آپریشن کے دوران تین ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ عام لوگوں یا سیکورٹی فورسز کا نقصان نہ ہو یہ یقینی بنانے کے لئے بہت زیادہ احتیاط سے کام لیا گیا ہے'۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined