قومی خبریں

ممتا بنرجی راہل گاندھی کو پی ایم بنانے پر رَضامند، مودی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری!

ترنمول کانگریس ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی کے لیے زیادہ اہم یہ ہے کہ نریندر مودی کو دوبارہ برسراقتدار نہ ہونے دیا جائے، اور اگر اس کے لیے راہل گاندھی کو پی ایم بنانا ہو تو کوئی مضائقہ نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ایک طرف لوک سبھا انتخاب اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے اور دوسری طرف مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنان کے درمیان جس طرح تشدد برپا ہے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ بی جے پی صدر امت شاہ اور یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت بی جے پی کے سرکردہ لیڈران ممتا بنرجی کے خلاف خوب بیان بازیاں کر رہے ہیں اور ممتا بنرجی بھی پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنانے کا کوئی بھی موقع نہیں چھوڑ رہیں۔ انھوں نے تو نریندر مودی کو ’ایکسپائری پی ایم‘ تک کہہ ڈالا ہے۔

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST

ان ہنگاموں کے درمیان ترنمول کانگریس ذرائع سے ایک بہت بڑی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ راہل گاندھی کو وزیر اعظم بنائے جانے سے متعلق ترنمول کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم مودی کو مرکز سے باہر کرنے کے لیے ممتا بنرجی کچھ بھی کر سکتی ہیں۔ یہ خبر ہندی نیوز پورٹل ’این ڈی ٹی وی‘ نے شائع کی ہے۔ اس خبر کے مطابق ممتا بنرجی اگلے وزیر اعظم کے لیے راہل گاندھی کے نام پر تیار ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ نریندر مودی کسی بھی قیمت پر واپس نہیں آنا چاہیے۔

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST

دراصل 23 مئی کو عام انتخاب کے نتائج آنے ہیں اور سیاسی گلیاروں میں نئے وزیر اعظم کو لے کر اتھل پتھل مچی ہوئی ہے۔ ایک طرف تو نریندر مودی کا نام ہے، لیکن دوسری طرف اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے کسی نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ راہل گاندھی کے نام پر مختلف اپوزیشن پارٹیاں اکثر تبصرہ کرتی رہی ہیں اور کئی پارٹیوں کے سربراہان نے ان کے نام پر حامی بھی بھر رکھی ہے لیکن خود راہل گاندھی نے اس تعلق سے کچھ نہیں کہا ہے۔ اب جب کہ ترنمول کانگریس کے ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ ممتا بنرجی پی ایم مودی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے راہل گاندھی کو پی ایم بنانے پر رضامند ہیں، تو یہ اپوزیشن پارٹیوں کے لیے کسی خوشخبری سے کم نہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ ممتا بنرجی نے ابھی تک کانگریس کے ساتھ اتحاد کا کوئی اعلان نہیں کیا تھا لیکن ایسا لگتا ہے کہ زمینی رپورٹ میں کانگریس کی بہتر کارکردگی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ممتا بنرجی کا رجحان کانگریس کی طرف بڑھا ہے۔

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST

ویسے بھی ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے کئی بار راہل گاندھی کو پی ایم بنانے کی بات کہی ہے اور منگل کو بھی انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ’این ڈی ٹی وی‘ نے ترنمول کانگریس کے ذرائع کے حوالے سے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اگر اسٹالن راہل کو پی ایم بنانے کے لیے کہتے ہیں تو یہ مسئلہ نہیں ہے کیونکہ سبھی مودی کو باہر کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندر شیکھر راؤ کی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے ذرائع نے کہا کہ ’’ریاستوں کی پارٹیاں مودی کو باہر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جس میں ممتا بنرجی ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔‘‘

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST

قابل ذکر ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے ممتا بنرجی سے گزشتہ سال کے آخر میں ملاقات کی تھی اور ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ چندرشیکھر راؤ آگے کی بات کے لیے دوبارہ مغربی بنگال آئیں گے۔ تازہ ترین سرگرمیوں کو دیکھا جائے تو چندر شیکھر راؤ نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین، ایم کے اسٹالن اور جگن موہن ریڈی کے ساتھ ساتھ ایچ ڈی کماراسوامی سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس کے مقابلے میں بی جے پی سے راؤ کو زیادہ پریشانی ہے کیونکہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد ان کو کئی جنوبی ریاستوں میں نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ان ریاستوں میں لوگ بی جے پی سے نفرت کرنے لگے ہیں۔ یہی بات جگن موہن ریڈی پر بھی نافذ ہوتی ہے جو آندھرا پردیش میں چندرا بابو نائیڈو کے ہاتھ سے اقتدار واپس لینا چاہتے ہیں۔

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST

اس طرح دیکھا جائے تو سیاسی این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کے علاوہ جتنی بھی پارٹیاں ہیں وہ مودی کو اقتدار سے باہر رکھنے کی کوششوں میں ہی مصروف ہیں اور اس درمیان ابھی تک کسی بھی پارٹی نے راہل گاندھی کے علاوہ کسی دیگر لیڈر کا نام بطور پی ایم نہیں لیا ہے۔ اگر ممتا بنرجی نے پی ایم کے لیے راہل گاندھی کے نام پر رضامندی ظاہر کر دی تو پھر کئی دوسری علاقائی پارٹیاں بھی کانگریس کے ساتھ کھڑی نظر آ جائیں گی۔

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 May 2019, 9:10 PM IST