پٹنہ: بہار میں نتیش کمار کے جھٹکے سے بی جے پی ابھی سنبھلی بھی نہیں تھی کہ عظیم اتحاد نے اسے ایک اور جھٹکا دے دیا۔ للت یادو کی قیادت میں عظیم اتحاد کے رہنماؤں نے موجودہ اسپیکر وجے کمار سنہا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی ہے، جس کے بعد اسپیکر کا عہدہ بی جے پی کے ہاتھ سے جانا یقینی ہو گیا ہے۔
Published: undefined
عظیم اتحاد کے 50 ارکان اسمبلی کے دستخط شدہ ایک خط بدھ کے روز بہار قانون ساز اسمبلی کے سکریٹری کو سونپا گیا۔ تحریک عدم اعتماد کے تحت اب وجے کمار سنہا کو اسپیکر کے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے اسمبلی کے اندر اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔ اگر انہیں پورے ووٹ نہیں ملے تو انہیں عہدے سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔ خیال رہے کہ بی جے پی کے پاس محض 77 ارکان اسمبلی ہیں، جو سنہا کو اسپیکر کے عہدے پر برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔
Published: undefined
عظیم اتحاد کی نئی حکومت میں آر جے ڈی کے سب سے سینئر رکن اسمبلی اودھ بہاری چودھری اسپیکر عہدے کی ریس میں سب سے آگے ہیں۔ تاہم اس ریس میں جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری کا نام بھی چل رہا ہے، جو پچھلی حکومت میں وزیر تعلیم تھے اور ماضی میں اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ وہیں کانگریس کو بھی اسپیکر کا عہدہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔
Published: undefined
نتیش کمار اور تیجسوی کے حلف لینے کے بعد ان کی کابینہ پر بھی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جنتا دل یونائیٹڈ اور راشٹریہ جنتا دل کے درمیان بات چیت کے مطابق خزانہ، ماحولیات اور جنگلات، لینڈ ریکارڈ اور ریونیو، صحت، سڑک تعمیر اور پنچایتی راج کی وزاتیں آر جے ڈی کے کھاتہ میں جا سکتی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار وزارت داخلہ اور جنرل ایڈمنسٹریشن کو اپنے پاس رکھیں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز