پٹنہ: مکر سنکرانتی کے موقع پر کانگریس کی دہی چوڑا دعوت میں راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کی قیادت والے اپوزیشن مہا گٹھ بندھن کے بڑے لیڈران نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں لوک سبھا انتخاب کے لئے اتحادی جماعتوں کے مابین سیٹوں کی تقسیم کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
کانگریس کے ریاستی ہیڈکوارٹرصداقت آشرم میں منعقدہ ’بھوج‘ میں آئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شکیل احمد ، آرجے ڈی لیڈر عبد الباری صدیقی ، راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) سربراہ اوپندر کشواہا ، ہندوستانی عوام مورچہ ( ایچ اے ایم ) کے ورشن پٹیل ، لوک تانترک جنتادل ( ایل جے ڈی ) کے لیڈر اور اسمبلی کے سابق اسپیکر ادئے نارائن چودھری اور وکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کے سربراہ مکیش سہنی کا استقبال کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا نے کیا۔ سبھی لیڈران نے صداقت آشرم میں ایک ساتھ بھوج کا لطف اٹھایا۔
اس موقع پر آر ایل ایس پی کے صدر اوپندر کشواہا اور کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا نے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کو تلکٹ کھلا کر منہ میٹھا کرایا ۔ بھوج کے بعد مہا گٹھ بندھن کے بڑے لیڈران کی بند کمرے میں میٹنگ ہوئی جس میں سیٹوں کی تقسیم کو لیکر گفتگو ہوئی ۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بہار میں مہا گٹھ بندھن کے اتحادی جماعتوں کے مابین سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں پوچھے جانے پر کہاکہ اس کا اعلان جلدہی کردیاجائے گا۔
Published: undefined
انہوں نے اتر پردیش میں ہونے والے اپوزیشن کے اتحاد میں کانگریس شامل نہ کرنے والی سماجواد ی پارٹی ( ایس پی ) اور بہوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) کی صدر سے ہونے والی ملاقات کو رسمی ملاقات بتایا اور کہاکہ وہ وہاں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کو شکست دینے کیلئے بنائے گئے نئے اتحاد کے لئے دونوں لیڈران کو مبارک باد پیش کرنے گئے تھے۔
یادو نے کہاکہ ’’ ہمارا مقصد بی جے پی کو شکست سے دوچار کرنا ہے ۔ بی جے پی کوشش میں تھی کہ اتحاد نہ ہوجبکہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں مہا گٹھ بندھن ہو ۔ ہم سب سے چھوٹے ہیں کسی پر دباﺅ بنانے نہیں گئے تھے‘‘
اتر پردیش میں بڑی پارٹی ایس پی ہے اور وہاں انہوں نے اپنے حساب سے اتحاد بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’ بہارمیں ہمارا الگ اتحاد ہے اور ہم سب کا مقصد ملک کو بچانا ہے ۔‘‘ اپوزیشن لیڈر نے طلباءلیڈر کنہیا سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ جو بی جے پی کے خلاف بولتاہے اس پر مقدمہ ہوتاہے ۔ سیاسی مخالفین کے ساتھ آج کل ایسا ہی ہورہاہے ۔
اس سے قبل آر ایل ایس پی لیڈر اوپندر کشواہانے کہاکہ ’کھرماس‘ ختم ہوا اب ٹکٹ تقسیم پر بات ہوگی اور جلد ہی اس کی معلومات سبھی کو مل جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اس بار اتر پردیش اور بہار میں بی جے پی کا کھاتہ نہیں کھلے گا ، اپوزیشن جماعتیں پوری طرح سے متحد ہیں۔
کانگریس کی جانب سے منعقدہ بھوج میں ایچ اے ایم کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ جتین رام مانجھی غیر حاضر رہے ۔ ان کے بارے میں بتایا گیاکہ وہ ذاتی وجوہات سے اس میں شامل نہیں پائے ہیں۔ مانجھی کے نمائندہ کے طور پر ایچ اے ایم کی جانب سے ورشن پٹیل پہنچے تھے ۔ اس کے ساتھ ہی ایل جے ڈی کے شرد یادو بھی بھوج میں شامل نہیں ہوئے ۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز