قومی خبریں

انتخاب سے پہلے جنگ کی بات مجھے بی جے پی نے بہت پہلے بتائی تھی: پون کلیان

اداکار سے سیاستداں بنے پون کلیان نے جمعرات کو یہ دعوی کیا کہ بی جے پی نے انہیں 2 سال پہلے ہی یہ بتا دیا تھا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل جنگ ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آندھرا پردیش کی سیاسی جماعت ’جن سینا‘ کا قیام کرنے والے اور اداکار سے سیاست داں بنے پون کلیان نے اقتدار کے لئے بی جے پی کی بھوک اور خطرناک منصوبوں کا سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے انہیں 2 سال پہلے ہی یہ بتا دیا تھا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل جنگ ہوگی۔‘‘

بی جے پی کی سابقہ اتحادی ’جن سینا‘ کے سربراہ پون کلیان نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’مجھ سے دو سال قبل کہا گیا تھا کہ انتخابات سے قبل جنگ ہوگی۔ میرے اس بیان سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ملک میں آج ایسے حالات کیوں ہیں۔‘‘ پون کلیان ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسی صورت حال پر بولتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف کے قافلہ پر خود کش حملہ کے بعد سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں۔

پون کلیان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے اور اس سے دونوں ملکوں کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اس طرح کا رویہ ظاہر کرتی ہے جیسے ان کے علاوہ ملک میں کوئی اور محب وطن ہی نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’حب الوطنی صرف بی جے پی کا ہی فرض نہیں ہے۔ ہم ان سے 10 گنا زیادہ حب الوطن ہیں۔‘‘

Published: 01 Mar 2019, 4:10 PM IST

جنوبی ہندوستان کے معروف اداکار چرنجیوی کے چھوٹے بھائی پون کلیان نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کو اپنی حب الوطنی کا ثبوت پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ’جن سینا‘ کے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی طرح کی فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کے منصوبوں کو ناکام بنائیں اور سماج میں ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اپنا تعاون دیں۔ پون کلیان نے کہا کہ ’’مسلمانوں کو ملک میں مساوی حقوق حاصل ہیں۔ مجھے یہ معلوم ہے کہ پاکستان میں ہندوؤں کی کیا حالت ہے لیکن ہندوستان مسلمانوں کو اپنے دل سے لگا کر رکھتا ہے۔ یہاں اظہر الدین کو اپنی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا اور عبد الکلام ملک کے صدر بنائے گئے۔‘‘

Published: 01 Mar 2019, 4:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 01 Mar 2019, 4:10 PM IST